Time 28 ستمبر ، 2018
کھیل

جارح مزاج بیٹسمین عمران نذیر پی ایس ایل فرنچائز کا حصہ بن گئے

عمران نذیر نے ساڑھے چار برس جوڑوں کے شدید درد کی خطرناک بیماری سے جنگ لڑی— فوٹو: فائل

کراچی: ٹیسٹ کرکٹرعمران نذیر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز لاہور قلندرز کا حصہ بن گئے۔

عمران نذیرآئندہ ماہ ابوظہبی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں لاہور قلندرز کی جانب سے ایکشن میں دکھائی دیں گے۔ ابوظہبی ٹی ٹوئنٹی ایونٹ 4 سے 6 اکتوبر تک کھیلا جائے گا۔

اس ٹورنامنٹ کیلئے لاہور قلندرز کی ٹیم میں 4 انٹرنیشنل کھلاڑی شامل ہوں گے۔

جارح مزاج بیٹسمین عمران نذیر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ وہ لاہور قلنددز کے مشکور ہیں جس نے انہیں کرکٹ میں واپسی کا موقع دیا۔

انہوں نے کہا کہ فینزکو اپنی روایتی کرکٹ سے لطف اندوز کرانے کی کوشش کروں گا۔

خیال رہے کہ عمران نذیر نے ساڑھے چار برس جوڑوں کے شدید درد کی خطرناک بیماری سے جنگ لڑی اور گزشتہ ماہ سے وہ کرکٹ کے میدان میں دیکھے جانے لگے ہیں۔

عمران نذیر نے ایل سی سی گراؤنڈ لاہور میں اپنے کلب پی اینڈ ٹی جیم خانہ میں ٹریننگ کا آغاز کردیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کی ایک ہی خواہش تھی کہ وہ دوبارہ کرکٹ کھیلیں اور اللہ نے ان کی خواہش ‏پوری کر دی ہے۔

‏عمران نذیر کہتے ہیں کہ اب وہ مکمل فٹ ہیں اور صرف کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں۔

عمران نذیر نے کہا تھا کہ گزشتہ برس پی ایس ایل کھیلنے کا موقع ملا تھا لیکن تب 100 فیصد فٹ نہیں تھا، اب فٹ ہوں اگر موقع ملا تو پی ایس ایل ضرور کھیلوں گا۔

مزید خبریں :