پاکستان
Time 30 ستمبر ، 2018

سانحہ ماڈل ٹاؤن: سپریم کورٹ نے انسداد دہشتگردی عدالت سے رپورٹ طلب کرلی

لاہور ہائیکورٹ کے فل بینچ کے فیصلے کے خلاف اپیل آئی تو دیکھیں گے، چیف جسٹس پاکستان۔ فوٹو: فائل

لاہور: سپریم کورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق انسداد دہشت گردی عدالت سے رپورٹ طلب کرلی۔ 

چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں سانحہ ماڈل ٹاون سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔

پاکستان عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈہ پور عدالت میں پیش ہوئے، اس موقع پر متاثرہ خاتون بسمہ نے عدالت نے کو بتایا کہ لاہور ہائیکورٹ نے ان کی اپیل مسترد کردی ہے۔ 

جس پر چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ فیصلے کے خلاف اپیل آئی تو دیکھیں گے جب کہ عدالت نے انسداد دہشت گردی عدالت سے سانحہ ماڈل ٹاؤن سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔

یاد رہے کہ 26 ستمبر کو لاہور ہائیکورٹ کے فل بینچ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے بھائی شہباز شریف سمیت 12 شخصیات کو طلب کیے جانے کی درخواست مسترد کردی تھی۔

عدالت نے خواجہ سعد رفیق، پرویز رشید، عابد شیر علی، خواجہ آصف، چوہدری نثار، میجر (ر) اعظم اور ڈاکٹر توقیر شاہ کی طلبی کی بھی استدعا مسترد کردی تھی۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن

17 جون 2014 کو لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہرالقادری کی رہائش گاہ کے باہر سے تجاوزات ہٹانے پر پولیس اور عوامی تحریک کے کارکنان میں جھڑپ ہوئی۔

پولیس نے طاقت کا استعمال کرتے ہوئے براہ راست فائرنگ کی جس کے نتیجے میں خواتین سمیت 14 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے تھے۔

مزید خبریں :