06 اکتوبر ، 2018
راولپنڈی: کسٹم کی خصوصی عدالت نے کرنسی اسمگلنگ کیس میں ماڈل گرل ایان علی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔
راولپنڈی میں کسٹم کی خصوصی عدالت میں ماڈل ایان علی کے خلاف کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت ہوئی اور ملزمہ کی غیرحاضری پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔
دوران سماعت ایان علی کے وکیل نے عدالت میں جواب جمع کرایا کہ ملزمہ بیمار ہیں لہٰذا حاضری سےاستثنیٰ دیا جائے۔
عدالت نے وکیل سے استفسار کیاکہ آپ نے میڈیکل سرٹیفیکیٹ پیش نہیں کیا، ملزمہ کوپیش کیا جائے، پرانے میڈیکل سرٹیفکیٹ پر اتناعرصہ استثنیٰ نہیں دیاجاسکتا۔
اس موقع پر کسٹم کے اسپیشل پراسیکیوٹر نے دلائل میں کہا کہ یہ لوگ ہمیشہ بہانے بناتے ہیں،عدالت کاوقت ضائع کرتے ہیں، اتنا عرصہ گزر گیا ایان علی کو جان بوجھ کر پیش نہیں کیا جارہا، ملزمہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں۔
عدالت نے کسٹم پراسیکیوٹر کی استدعا منظور کرتے ہوئے ایان علی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے اور کیس کی مزید سماعت 22 اکتوبر تک ملتوی کردی۔
واضح رہےکہ ایان علی کو 14مارچ 2015ء کو اسلام آباد سے دبئی جاتے ہوئے بینظیر بھٹو ایئرپورٹ پر حراست میں لیا گیا اور ان کے پاس سے پانچ لاکھ ڈالرز برآمد ہوئے تھے جس کے بعد ان پر کرنسی اسمگلنگ کا مقدمہ درج کیا گیا اور انہیں جیل کی ہوا بھی کھانی پڑی۔
تاہم ایان علی کا نام ای سی ایل سے نکالے جانے کے بعد وہ بیرون ملک روانہ ہوگئیں۔