Time 06 اکتوبر ، 2018
پاکستان

نیب نے نوازشریف کی شہباز شریف سے ملاقات کی درخواست مسترد کردی

نواز شریف نے آشیانہ ہائوسنگ سوسائٹی کیس میں گرفتار اپنے بھائی سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور موجودہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے ملنے کیلئےغیر رسمی درخواست کی تھی— فوٹو: فائل

لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیر اعظم نوازشریف کی ان کے بھائی شہباز شریف سے ملاقات کی درخواست مسترد کردی۔

ذرائع کے مطابق نواز شریف نے آشیانہ ہائوسنگ سوسائٹی کیس میں گرفتار اپنے بھائی سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور موجودہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے ملنے کیلئےغیر رسمی درخواست کی تھی۔

ذرائع کے مطابق درخواست منظور ہوجاتی تو نوازشریف، مریم نواز اور خاندان کے دیگر افراد شہباز شریف سے ملاقات کرتے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کی قانونی ٹیم شہباز شریف سے ملاقات کے لیے نیب سے رابطہ کرے گی۔

خیال رہے کہ نیب آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم، صاف پانی کیس، اور اربوں روپے کے گھپلوں کی تحقیقات کر رہا ہے، جس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سمیت دیگر نامزد ہیں۔

آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم میں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے قریبی ساتھی اور سابق پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد پہلے ہی گرفتار کیے جاچکے ہیں۔

نیب ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ شہباز شریف کو لاہور ڈیولپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے سابق ڈی جی فواد حسن فواد کے بیان کے بعد گرفتار کیا گیا ہے۔

نیب کے مطابق شہباز شریف پر الزام ہے کہ انہوں نے بطور وزیراعلیٰ پنجاب آشیانہ اسکیم کے لیے لطیف اینڈ کمپنی کا ٹھیکہ غیر قانونی طور پر منسوخ کروا کے پیراگون کی پراکسی کمپنی 'کاسا' کو دلوا دیا۔

نیب کا الزام ہے کہ شہباز شریف نے پی ایل ڈی سی پر دباؤ ڈال کر آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم کا تعمیراتی ٹھیکہ ایل ڈی اے کو دلوایا اور پھر یہی ٹھیکہ پی ایل ڈی سی کو واپس دلایا جس سے قومی خزانے کو 71 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔

نیب ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے پی ایل ڈی سی پر دباؤ ڈال کر کنسلٹنسی کانٹریکٹ ایم ایس انجینئر کسلٹنسی کو 19کروڑ 20 لاکھ روپے میں دیا جبکہ نیسپاک کا تخمینہ 3 کروڑ روپے تھا۔

شہباز شریف کو لاہور کی احتساب عدالت نے 10 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا ہے۔ پاکستان مسلم لیگ ن اور دیگر اپوزیشن جماعتوں نے اقومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی گرفتاری کی مذمت کی ہے اور اسے سیاسی انتقام قرار دیا ہے۔

مزید خبریں :