دنیا
Time 09 اکتوبر ، 2018

ترک صدر کا سعودی عرب سے صحافی کے قونصل خانہ چھوڑنے کے شواہد پیش کرنے کا مطالبہ

ترکی نے گزشتہ روز اس معاملے پر وضاحت کے لیے سعودی سفیر کو کو طلب بھی کیا تھا۔ فوٹو: فائل

ترک صدر رجب طیب اردوان نے سعودی عرب سے مطالبہ کیا ہے کہ مبینہ طور پر لاپتہ ہونے والے سعودی صحافی کے قونصل خانہ چھوڑنے کے شواہد پیش کیے جائیں۔

استبول میں واقع سعودی قونصل خانے سے مبینہ طور پر گزشتہ ہفتے سعودی صحافی جمال خاشقجی لاپتہ ہو گئے تھے۔

ترک پولیس نے شبہ ظاہر کیا تھا کہ سعودی صحافی کو قتل کر دیا گیا ہے تاہم سعودی قونصل خانے نے اس الزام کی سختی سے تردید کی تھی۔

ترکی نے گزشتہ روز اس معاملے پر وضاحت کے لیے سعودی سفیر کو کو طلب بھی کیا تھا۔

ترک صدر رجب طیب اردوان نے بھی کہا تھا کہ وہ اس معاملے کو خود دیکھ رہے ہیں۔

طیب اردوان کا کہنا تھا کہ قونصل خانے کا عملہ صرف یہ کہہ کر نہیں بچ سکتا کہ جمال خاشقجی نے قونصلیٹ چھوڑ دیا تھا، کیا ان کے پاس کیمرے نہیں تھے؟

انہوں نے سعودی حکام سے مطالبہ کیا کہ اگر ان کے پاس سعودی صحافی کے قونصل خانے سے باہر جانے کے شواہد موجود ہیں تو پیش کیے جائیں۔