Time 14 اکتوبر ، 2018
پاکستان

عوام نے عمران خان کو مسترد کردیا، شاہد خاقان کا کامیابی کے بعد خطاب

تحریک انصاف سے دوگنے ووٹ حاصل کیے،عمران خان عوام کا اعتماد کھو چکے ہیں،پاکستان کے مسائل حل کرنے ہیں تو نواز شریف کو واپس لانا ہوگا، سابق وزیراعظم— فوٹو: اسکرین گریب

سابق وزیراعظم اور ن لیگ کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے ضمنی انتخاب میں کامیابی کے بعد کارکنوں سے خطاب میں کہا کہ حکومت ہمارا راستہ نہیں روک سکتی، عوام نے ثابت کردیا کہ وہ کل بھی نواز شریف کے ساتھ تھے اور آج بھی ساتھ ہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے لاہور کے حلقہ این اے 124 میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'تحریک انصاف سے دوگنے ووٹ حاصل کیے،عمران خان عوام کا اعتماد کھو چکے ہیں،یقین تھا کہ ضمنی انتخابات میں فتح ہماری ہوگی'۔

سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ حلقے کے لوگوں نے ن لیگ سے اپنی محبت ثابت کردی ہے،این اے 124 کی عوام نے حکومت کے خلاف فیصلہ دیا ہے، ن لیگ نے پی ٹی آئی سے دوگنا سے بھی زیادہ ووٹ لیے ہیں۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عوام نے عمران خان کو مسترد کردیا ہے، مجھے اس حلقے سےاپنی جیت پر کبھی کوئی شک نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ جو گرفتار کرنا چاہتا ہے کرلے، ہم گرفتاریوں سے نہیں ڈرتے، آنے والے پانچ سالوں میں آپ کے درمیان رہوں گا، ہم نے محنت کرنی ہے اور ملک کو آگے بڑھانا ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان کے مسائل عمران خان حل نہیں کر سکتے،اگر پاکستان کے مسائل حل کرنے ہیں تو نواز شریف کو واپس لانا ہوگا۔

خیال رہے کہ ن لیگ نے ضمنی انتخابات میں لاہور کے حلقہ این اے 124 سے شاہد خاقان عباسی کو ٹکٹ دیا تھا۔ اس حلقے میں عام انتخابات میں شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز نے کامیابی حاصل کی تھی تاہم انہوں نے صوبائی اسمبلی کی نشست پاس رکھی تھی اور این اے 124 سے دستبردار ہوگئے تھے۔

مزید خبریں :