پاکستان
Time 15 اکتوبر ، 2018

آئی جی پنجاب محمد طاہر کا تبادلہ، امجد جاوید سلیمی نے عہدہ سنبھال لیا


لاہور:آئی جی پنجاب محمد طاہر نے عہدے کا چارج چھوڑ دیا اور نئے آئی جی امجد جاوید سلیمی نے چارج سنبھال لیا۔

ضمنی انتخابات کے بعد اب وفاقی حکومت کے فیصلے پر عملدرآمد ہوگیا ہے اور محمد طاہر کے عہدہ چھوڑنے کے بعد نئے آئی جی پنجاب امجد جاوید سلیمی نے عہدے کا چارج سنبھال لیا ہے۔

پنجاب پولیس کے نئے سربراہ امجد جاوید سلیمی اپنے دفتر پہنچے تو انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور پولیس کے جوانوں نے انہیں سلامی دی۔

آئی جی پنجاب کی میڈیا سے گفتگو

بعد ازاں اپنے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امجد جاوید سلیمی نے کہا کہ پنجاب کےمسائل بہت اور پولیس کم ہے، پولیس کی تعداد اور عوامی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے پالیسیاں بنائیں گے۔

آئی جی پنجاب کا کہنا تھاکہ ایف آئی آر کے اندراج کو ہرصورت یقینی بنائیں گے اور عوامی سہولت کےلیے پولیس میں اصلاحات کی جائیں گی۔

آئی جی پنجاب کے تبادلے کا پس منظر

ضمنی انتخابات سے قبل وفاقی حکومت نے انسپکٹر جنرل(آئی جی) پنجاب پولیس محمد طاہر خان کو اچانک تبدیل کرکے امجد جاوید سلیمی کو نیا آئی جی تعینات کیا تھا اور اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے مؤقف دیا تھا کہ محمد طاہر نے حکومتی ٹاسک پورا نہیں کیا اس لیے کام میں تساہل کی بنا پر انہیں عہدے سے ہٹایا گیا ہے۔

وفاقی حکومت کے اس فیصلے پر چیئرمین پنجاب پولیس اصلاحات کمیشن کے سربراہ ناصر درانی احتجاجاً عہدے سے مستعفی ہوگئے۔

الیکشن کمیشن نے آئی جی کے تبادلے کو احکامات کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے حکومت کا نوٹی فکیشن معطل کردیا تھا جس پر سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے الیکشن کمیشن کو اپنا فیصلہ واپس لینے کے لیے خط لکھا تھا۔

واضح رہےکہ عام انتخابات کے موقع پر امجد جاوید سلیمی آئی جی سندھ پولیس بھی رہ چکے ہیں۔

امجد جاوید سلیمی کے کیرئیر پر ایک نظر

امجد جاوید سلیمی پولیس سروسز کے 14ویں کامنتھ سے تعلق رکھتے ہیں۔

یکم نومبر 1986کو انہوں نے بطور اے ایس پی پولیس سروس جوائن کی، ان کی سب سے پہلی تعیناتی اے ایس پی اوگی ضلع مانسہرہ تھی۔

ایس پی کے طور پر انہوں نے اے آئی جی ٹریننگ اور گوجرانوالہ اور میانوالی کے ڈی پی اوز کے طور پر خدمات انجام دیں اور پھر اقوام متحدہ کے امن مشن پر بوسنیا میں ڈیڑھ سال تعینات رہے۔

اقوام متحدہ امن مشن سے واپسی پر ڈی پی او ساہیوال اور سیالکوٹ رہے جس کے بعد ان کی تعیناتی اسپیشل برانچ پنجاب میں ہوگئی۔

امجد جاوید سلیمی ڈی پی او جھنگ، اے آئی جی فائنانس پنجاب، ڈی آئی جی ایلیٹ پنجاب، ڈی آئی جی آپریشنز لاہور، آر پی او ساہیوال، آر پی او سرگودھا، سی سی پی او لاہور، ڈی آئی جی اسٹیبلشمنٹ، آر پی او ملتان اور ایڈیشنل آئی جی پٹرولنگ ہائی ویز رہے۔

امجد جاوید سلیمی کی تعیناتیوں کے دوران سیالکوٹ جیل میں 7ججز کا قتل، لاہور میں سری لنکن ٹیم پر حملہ اور بادامی باغ میں مسیحی بستی جلانے کےواقعات بھی پیش آئے۔

مزید خبریں :