21 اکتوبر ، 2018
لاہور: قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کی اہلخانہ سے نیب آفس میں ملاقات کرائی گئی جو ایک گھنٹے سے زائد جاری رہی۔
ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے اہلخانہ کے ساتھ رات کا کھانا بھی کھایا، شہبازشریف کے اہلخانہ کو عام وزیٹر لاؤنج کے بجائےعلیحدہ کمرے میں ملوایا گیا۔
حمزہ شہباز، سلمان شہباز، اہلیہ نصرت شہباز اور عباس شریف کے بیٹے بھی شہبازشریف سے ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف سے ملاقات میں ان کے دونوں بیٹے، اہلیہ، بہو، نواسیاں اور بیٹی موجود تھے، شہباز شریف کو اہلخانہ نےعشائیے میں دال چاول، باربی کیو اور کھیر پیش کی۔
شہبازشریف نے کھانے کے دو باکس زیرحراست دیگرافراد کیلئے بھی بھجوائے۔
انہوں نے اپنے اہل خانہ سے گفتگو میں کہا کہ آپ سب کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، کڑا اور کٹھن وقت ضرور ہے، لیکن مشرف دور سے زیادہ مشکل نہیں۔
ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ آپ کو فخرہونا چاہیے کہ مجھ پرکرپشن کا کوئی الزام ثابت نہیں کیا جاسکا، اختیارات سے تجاوز کے الزام میں بھی کوئی حقیقت نہیں ہے۔
خیال رہے کہ نیب لاہور نے 5 اکتوبر کو سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو صاف پانی کیس میں طلب کیا تھا، تاہم اُن کی پیشی پر انہیں آشیانہ اقبال ہاؤسنگ کیس میں کرپشن کے الزام میں گرفتار کرلیا تھا۔
آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکیم میں لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے قریبی ساتھی اور سابق پرنسپل سیکریٹری فواد حسن فواد پہلے ہی گرفتار کیے جاچکے ہیں اور نیب ذرائع نے دعویٰ کیا تھا کہ شہباز شریف کو فواد حسن فواد کے بیان کے بعد گرفتار کیا گیا۔