Geo News
Geo News

Time 22 اکتوبر ، 2018
پاکستان

سوات آپریشن کے 11سال بعد فوج نے اختیارات سول انتظامیہ کے حوالے کردیئے

سول اختیارات کے حوالگی کا نشان کمشنر مالاکنڈ ڈویژن اور ریجنل پولیس آفیسر کے حوالے کیا گیا — فوٹو: سوشل میڈیا 

سوات: دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کے 11 سال بعد پاک فوج نے سول اختیارات باضابطہ طور پر سول انتظامیہ کے حوالے کر دیئے۔

اختیارات منتقلی کی خصوصی تقریب میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان، کورکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل عزیز احمد بٹ، آئی جی خیبرپختونخوا صلاح الدین اور جی او سی سوات میجر جنرل خالد سعید سمیت اعلیٰ سول اور فوجی حکام نے شرکت کی۔

تقریب میں انتظامی اختیارات کی یادداشت کور کمانڈر پشاور نے وزیراعلیٰ کے پی کے کے حوالے کی جب کہ سول اختیارات کی حوالگی کا نشان کمشنر مالاکنڈ ڈویژن اور ریجنل پولیس آفیسر کے حوالے کیا گیا۔

تقریب سے خطاب میں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کا کہنا تھا کہ سوات میں پائیدار امن کے قیام اور عوام میں مسکراہٹیں بکھیرنے پر پاک فوج کے شکر گزار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فوج کے تعاون سے یہاں کی سول انتظامیہ اور پولیس بھی مکمل طور پر تیار ہو چکی ہے اور صوبائی حکومت بھی سوات کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ترقیاتی اسکیموں کا آغاز کر چکی ہے۔

 ان کا مزید کہنا تھا کہ ایک دہائی قبل اس خوبصورت وادی پر ملک دشمن عناصر نے قبضہ کرلیا تھا اور دہشت گردوں نے معصوم عوام پر جو مظالم ڈھائے وہ اس کے بذات خود عینی شاہد ہیں، وہ سوات کے عوام کیلئے سیاہ ترین دور تھا مگر ان کا حوصلہ اور سوات کو پر امن بنانے کا عزم مثالی رہا۔