27 اکتوبر ، 2018
پریانکا چوپڑہ اور نک جونس اور دپیکا پڈوکون اور رنویر سنگھ کی شادی کی خبروں کے بعد اب قیاس آرائیاں ہیں کہ بالی وڈ کے نوجوان اداکار ارجن کپور بھی آئندہ برس اداکارہ ملائیکا اروڑا سے شادی کرنے جارہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ارجن اور ملائیکا کے درمیان طویل عرصے سے قریبی دوستی ہے اور دونوں کو ایک دوسرے کے ساتھ اکثر کئی تقریبات اور ایئرپورٹ پر دیکھا گیا ہے۔
فلم فیئر کی رپورٹ کے مطابق ارجن اور ملائیکا آئندہ برس شادی کرنے جارہے ہیں اور جلد ہی اپنے رشتے کے حوالے سے سب کو آگاہ کردیں گے۔
رپورٹ کے مطابق ارجن نے حال ہی میں ملائیکا کے ایک رئیلٹی ٹی وی شو میں شرکت کی تھی، جس کے بعد دونوں ایک دوسرے کے ساتھ نظر آئے۔
واضح رہے کہ ارجن کپور کی عمر 33 برس ہے اور ملائیکا کی عمر 45 برس ہے یعنی دونوں کے درمیان 12 سال کا فرق ہے۔
رپورٹس کے مطابق ارجن کپور کے والد اور معروف پروڈیوسر بونی کپور ان کی ملائیکا سے شادی کے خلاف ہیں۔
ملائیکا اروڑا، اداکار ارباز خان کی سابق اہلیہ ہیں، دونوں نے شادی کے 21 برس بعد ذاتی ترجیحات کی بنا پر ایک دوسرے سے علیحدگی اختیار کرلی تھی۔ دونوں کا ایک بیٹا بھی ہے۔