27 اکتوبر ، 2018
لاہور: احتساب عدالت نے شہبازشریف کے داماد عمران علی کی جائیداد قرق کرنے کا حکم دے دیا۔
لاہور کی احتساب عدالت میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کے داماد عمران علی کی جائیداد ضبط کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی۔
قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے عمران علی کی جائیداد کی تفصیلی رپورٹ عدالت میں جمع نہیں کرائی گئی۔
نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ عمران علی کے علی سینٹر، علی ٹاؤن میں کروڑوں روپے مالیت کے دفاتر اور اپارٹمنٹ ہیں، علی اینڈ فاطمہ ڈویلپر کے نام پر گلبرگ میں اربوں روپے مالیت کا پلازہ ہے، گلبرگ 3 میں کروڑوں روپے مالیت کا پلاٹ ہے، غوث الاعظم ڈویلپرز کے نام پر بھی کروڑوں روپے کی جائیداد عمران علی کے نام ہے۔
نیب پراسیکیوٹر نے مزید بتایا کہ مدینہ فیڈز مل اور علی پروسیسڈ فوڈز پرائیویٹ لمیٹڈ بھی عمران علی کی ملکیت ہے۔
نیب پراسیکیوٹر نے کہاکہ عمران علی پر پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کے چیف فنانشل آفیسر سے 13 کروڑ روپے رشوت لینے کا الزام ہے، انہیں نیب میں طلب کیا گیا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے، عمران علی کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے تاہم ملزم بیرون ملک فرارہو ہوچکا ہے۔
عدالت نے نیب پراسیکیوٹرکے دلائل سننے کے بعد شہبازشریف کے داماد عمران علی کی جائیداد قرق کرنے کا حکم دے دیا۔
عدالت نے نیب کو آئندہ سماعت پر عمران علی کی جائیداد کی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کرنے بھی حکم دیا۔