29 اکتوبر ، 2018
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چئیرمین شپ کے لیے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کا نام مسترد کردیا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس سے قبل وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے اراکین کو دورۂ سعودی عرب کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے ملک کی معاشی صورتحال اور حکومتی حکمت عملی پر اعتماد میں لیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ ارکان اپنے حلقوں میں حکومتی کی مثبت پالیسیوں کو اجاگر کریں، گزشتہ حکومتوں کی غلط پالیسیوں نے ملک کو اس نہج پر پہنچایا، ملک کو بحران سے نکال کر ترقی کی راہ پر ڈالنے کے لیے سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔
ذرائع نے بتایا کہ تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں اراکین نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے لیے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا نام مسترد کردیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے لیے پارٹی چیئرمین مشاورت سے غیرجانبدار شخصیت کا انتخاب کریں گے، موزوں شخصیت کے انتخاب کے بعد دیگر جماعتوں کو بھی اعتماد میں لیں گے۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک میں اداروں کی مکمل آزادی اور احتساب کا عمل جاری رکھا جائے گا۔