02 نومبر ، 2018
اسلام آباد: سپریم کورٹ نے آئی جی اسلام آباد جان محمد کے عہدے پر کام جاری رکھنے سے معذرت کے بعد تبادلے کی معطلی کا اپنا حکم واپس لے لیا۔
چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے آئی جی اسلام آباد کے تبادلے پر لیے گئے از خود نوٹس کی سماعت کی۔
کیس کی سماعت کے موقع پر فریق وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی اعظم سواتی، متاثرہ خاندان، اٹارنی جنرل انور منصور خان اور آئی جی اسلام آباد جان محمد کمرہ عدالت میں موجود تھے۔
اس موقع پر آئی جی اسلام آباد جان محمد نے اپنے عہدے پر کام جاری رکھنے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان حالات میں کام نہیں کرسکتے اس لیے عدالت سے استدعا ہے تبادلے کے احکامات پر عمل کرنے کی اجازت دی جائے۔
جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ ٹھیک ہے اگر یہ کہہ رہے ہیں تو اجازت ہے، آپ کی مرضی ہے ہم آپ کو منع نہیں کرتے۔
یاد رہے کہ وفاقی وزیر اعظم سواتی اور غریب خاندان کے درمیان جھگڑے کے بعد فون کال نہ اٹھانے پر مبینہ طور پر آئی جی اسلام آباد کو عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا جس کے بعد سپریم کورٹ نے انہیں کام جاری رکھنے کی ہدایت کی تھی۔