09 نومبر ، 2018
بالی وڈ اسٹار عامر خان اور امیتابھ بچن کی فلم ’ٹھگز آف ہندوستان‘ نے ریلیز کے پہلے روز کمائی کا ریکارڈ بنالیا ہے۔
عامر خان اور میگا اسٹار امیتابھ بچن فلم ’ٹھگز آف ہندوستان‘ میں پہلی بار ایک ساتھ جلوہ گر ہوئے ہیں۔
فلم گزشتہ روز دیوالی کے موقع پر نمائش کیلئے پیش کی گئی جس نے پہلے روز ہی کمائی کا ریکارڈ بنالیا ہے، فلم نے پہلے روز 52 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کرکے سابقہ سارے ریکارڈز توڑ ڈالے ہیں۔
فلم کے ہندی، تامل اور تیلگو زبانوں کے ڈب ورژن نے مجموعی طور پر 52 کروڑ 25 لاکھ بھارتی روپے کا بزنس کیا ہے۔
عامر خان کی ’ٹھگز آف ہندوستان‘ نے شاہ رخ خان کی فلم ’ہیپی نیو ایئر‘ کا ریلیز والے روز 44 کروڑ 97 لاکھ بھارتی روپے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے اور فلم کے ہندی ورژن نے نمائش کے روز 50 کروڑ 75 لاکھ بھارتی روپے کی کمائی کی ہے۔
مسٹر پرفیکشنسٹ نے ’ہیپی نیو ایئر‘ اور ’باہو بلی‘ ہی نہیں بلکہ اپنی بھی فلموں کو کمائی میں پیچھے چھوڑا ہے۔
دوسری جانب ’ٹھگز آف ہندوستان‘ کچھ فلم بینوں کو متاثر نہیں کرسکی ہے اور یہی وجہ ہے کہ سوشل میڈیا پر فلم پر تنقید بھی کی جارہی ہے۔
فلمی پنڈتوں نے ’ٹھگز آف ہندوستان‘ کے ریکارڈ بزنس کی وجہ ’دیوالی‘ کی چھٹی کو قرار دیا ہے اور آنے والے دن فلم کی کمائی کیلئے اہم قرار دیئے ہیں۔
یاد رہے کہ یش راج فلمز کے بینر تلے بننے والی فلم ’ٹھگز آف ہندوستان‘ میں عامر خان، امیتابھ بچن، کترینہ کیف اور فاطمہ ثناء شیخ نے مرکزی کردار کیے ہیں جب کہ فلم کی ہدایت کاری کے فرائض وجے کرشنا اچاریہ نے سر انجام دیے ہیں۔