کھیل
Time 09 نومبر ، 2018

امام الحق باؤنسر لگنے سے زخمی، ڈاکٹر کا قومی بلے باز کو آرام کا مشورہ

امام الحق 16 کے انفرادی اسکور پر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے۔ فوٹو: اے ایف پی

ڈاکٹرز نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں باؤنسر لگنے سے زخمی ہونے والے قومی ٹیم کے ابتدائی بلے باز امام الحق کو 72 گھنٹے تک آرام کا مشورہ دیا ہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے خلاف تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ ابو ظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف بیٹنگ کے دوران 13ویں اوور کی پہلی ہی گیند پر قومی ٹیم کے اوپنر امام الحق باؤنسر لگنے سے زخمی ہو کر گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔

امام الحق نے فرگوسن کے باؤنسر پر ہٹ لگانے کی کوشش کی لیکن گیند اُن کے بلے پر نہ آ سکی اور سیدھی ہیلمٹ پر جا لگی، شدید تکلیف کے باعث امام الحق گراؤنڈ میں لیٹ گئے۔

بعد ازاں قومی ٹیم کے فزیو نے گراؤنڈ میں آ کر امام الحق کا طبی معائنہ کیا اور انہیں گراؤنڈ سے باہر لے گئے۔

امام الحق کو ایمبولنس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔ فوٹو: اے ایف پی

امام الحق خود چل کر گراؤنڈ سے باہر گئے جس کے بعد انہیں ایمبولنس میں ڈال کر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں امام الحق کی انجری کی نوعیت معلوم کرنےکے لیے سی ٹی اسکین کیا گیا۔

اسپتال ذرائع کا بتانا ہے کہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق امام الحق کی صحت ٹھیک ہے تاہم ڈاکٹرز نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گیند لگنے کے باعث امام الحق کو جھٹکا لگنے سے پٹھوں میں کھچاؤ پیدا ہوا ہے اور ڈاکٹرز نے امام الحق کو 72 گھنٹے تک آرام کا مشورہ دیا ہے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق امام الحق کی مزید رپورٹس کل تک آئیں گی، رپورٹس آنے پر امام الحق کی آئندہ میچز میں دستیابی سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔

پی سی بی کی وضاحت

پاکستانی کرکٹ بورڈ کا امام الحق کی انجری کے حوالے سے کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے اوپنر کے تمام اسکین کلیئر ہیں، امام الحق جلد ٹیم کو جوائن کر لیں گے۔

پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ امام الحق کی دیکھ بھال کے لیے فزیو تھراپسٹ ان کے ساتھ ہوں گے۔

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ امام الحق اب بلکل ٹھیک ہیں اور انہیں اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔

مزید خبریں :