Time 10 نومبر ، 2018
کھیل

پاکستان کرکٹ بورڈ نے ملتان سلطانز کا فرنچائز معاہدہ منسوخ کردیا


لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ کی ٹیم ملتان سلطانز کا فرنچائز معاہدہ منسوخ کردیا۔

پی سی بی کے اعلامیے کے مطابق معاہدہ منسوخ کرنے کی وجہ فرنچائز کا رقم کی ادائیگی نہ کرنا تھا جس کے بعد ملتان سلطانز کے تمام حقوق پاکستان کرکٹ بورڈ کو واپس مل گئے۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 20 نومبر کو ڈرافٹ میں ملتان کی نمائندگی پی سی بی کرے گا اور ٹیم بھی بورڈ ہی منتخب کرے گا۔

ملتان سلطانز کی ٹیم پی ایس ایل میں نئی فرنچائز آنے تک چھٹی ٹیم کہلائے گی۔

اعلامیے کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ  ’سکستھ ٹیم‘ کی فروخت کیلئے نیا ٹینڈر جاری کرے گا، نئے اونرز ٹیم کے شہر کا انتخاب اور اس کا نام رکھنےکیلئے آزاد ہوں گے۔

پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے بہتر مستقبل کیلئے معاہدے کی پابندی بہت ضروری تھی اور تمام شراکت داروں کو یقین دلاتے ہیں کہ پی ایس ایل کا چوتھا ایڈیشن شیڈول کے مطابق ہی ہوگا۔

یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن میں ملتان سلطانز فرنچائز کو شامل کیا گیا تھا اور اس ٹیم کی کپتانی کے فرائض شعیب ملک نے سر انجام دیئے تھے۔

ایک ہی سیزن کھیلنے والی ٹیم ملتانز سلطانز کے کوچ ٹام موڈی تھے جب کہ لیجنڈ بولر وسیم اکرم ٹیم کے ڈائریکٹر اور بولنگ کوچ تھے۔

مزید خبریں :