پاکستان
Time 16 نومبر ، 2018

پروٹوکول دیکھ کر صدرمملکت کا ایئرپورٹ سے باہر آنے سے انکار

میری مسلسل کوشش ہے کہ صرف سیکیورٹی لوں اور لوگوں کے لیے مشکلات بننے والے پروٹوکول میں کمی کروں، صدرعارف علوی۔ فوٹو: فائل

لاہور: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پروٹوکول کی گاڑیاں دیکھ کر ایئرپورٹ سے باہر آنے سے ہی انکار کردیا۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اسلام آباد سے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچے جہاں انہوں نے پروٹوکول کی گاڑیاں دیکھیں تو پروٹوکول میں جانے سے انکار کردیا۔

صدر مملکت نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ میری مسلسل کوشش ہے کہ صرف سیکیورٹی لوں اور لوگوں کے لیے مشکلات بننے والے پروٹوکول میں کمی کروں۔ 

صدر مملکت نے کہا کہ میں لاہور ایئرپورٹ پر ہوں جہاں 32 گاڑیاں ایئرپورٹ کے باہر مجھے لینے کے لیے کھڑی ہیں، اس وقت تک ایئرپورٹ کے اندر رہوں گا جب تک گاڑیاں واپس روانہ نہیں ہوجاتیں۔

فوٹو: جیو نیوز اسکرین گریب

صدر ڈاکٹر عارف علوی کے پروٹوکول نہ لینے کے اصرار کے بعد پروٹوکول کی گاڑیاں واپس روانہ ہوگئیں اور صدر مملکت سیکیورٹی کی 5 گاڑیوں میں ایئرپورٹ سے گورنر ہاؤس کے لیے روانہ ہوئے۔

صدر مملکت عارف علوی اس سے قبل بھی پروٹوکول نہ لینے کا کہہ چکے ہیں اور گزشتہ روز جیو نیوز سے وابستہ صحافی حامد میر کو انٹرویو کے دوران بھی صدر مملکت نے کہا تھا کہ وہ پروٹوکول لینے کے حامی نہیں لیکن پھر بھی ان کے قافلے میں پروٹوکول کی گاڑیاں شامل کردی جاتی ہیں۔

مزید خبریں :