Geo News
Geo News

Time 18 نومبر ، 2018
پاکستان

تبلیغی جماعت کے امیر حاجی عبدالوہاب سپرد خاک

حاجی عبدالوہاب کو گزشتہ ہفتے ڈینگی بخار کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ فوٹو: فائل

لاہور: تبلیغی جماعت کے امیر حاجی عبدالوہاب کو قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

حاجی عبدالوہاب گزشتہ ہفتے ڈینگی بخار میں مبتلا ہوئے اور آج صبح لاہور کے نجی اسپتال میں دوران علاج اپنے خالق حقیقی سے جا ملے۔

زندگی بھر اسلام کی دعوت دینے والے حاجی عبدالوہاب کی نماز جنازہ بعد نماز مغرب پنڈال اجتماع گاہ سندر روڈ رائیونڈ میں ادا کی گئی۔

حاجی عبدالوہاب کی نماز جنازہ میں اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

بعدازاں حاجی عبدالوہاب کو دولا مولا قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

تبلیغ کے داعی حاجی عبدالوہاب کا پورا نام راؤ محمد عبدالوہاب تھا اور آپ 1923 میں دہلی میں پیدا ہوئے، تقسیم ہند کے بعد بورے والا ضلع وہاڑی منتقل ہو گئے۔ 

انہوں نے تعلیم گورنمنٹ اسلامیہ کالج لاہور سے حاصل کی اور بطور تحصیلدار فرائض بھی سرانجام دیئے۔

مولانا عبد الوہاب تبلیغی جماعت کے بانی محمد الیاس کاندھلوی کے زمانے سے ہی تبلیغی جماعت سے منسلک ہوئے اور وہ پاکستان کی تبلیغی جماعت کے تیسرے امیر تھے۔

مولانا عبدالواہاب کے انتقال پر اظہار افسوس

وزیراعظم عمران خان نے تبلیغی جماعت کے امیر حاجی عبدالوہاب کی وفات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بطور عالم دین ان کی شخصیت اور گراں قدر دینی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، ان کے جانے سے پیدا ہونے والا خلا آسانی سے پُر نہیں ہوسکتا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے حاجی عبدالوہاب کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کی دینی خدمات کو خراج تحسین کیا اور کہا کہ دین اسلام اور تبلیغِ دین کے لئے حاجی عبدالوہاب کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

وفاقی وزیر مذہبی امور صاحبزادہ پیر نورالحق قادری نے حاجی عبدالوہاب کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لواحقین سے تعزیت کی اور مرحول کے درجات کی بلندی کے لیے بھی دعا کی۔

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے مولانا عبد الوہاب کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے پوری زندگی اسلام کی دعوت و تبلیغ کا کام کیا، اسلام کی تبلیغ و اشاعت کے لیے مولانا کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ حاجی عبدالوہاب کا انتقال عالم اسلام کے لیے ایک بڑا نقصان ہے،انہوں نے امن، محبت، بھائی چارے، خدمت گزاری کو اپنا اوڑھنا بچھونا بنایا، اللہ کریم مولانا عبدالوہاب سے وابستہ تمام افراد کو صبر عطا فرمائے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے تبلیغی جماعت کے امیر کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حاجی عبدالوہاب کے انتقال سے مسلم دنیا ایک جید عالم سے محروم ہوگئی، دین اسلام کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔