23 نومبر ، 2018
جعلی اکاؤنٹس کیس سے متعلق کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے اور کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے سابق صدر آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے علاوہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کو بھی طلب کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم پر جعلی اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے بلاول بھٹو زرداری اور پیپلزپارٹی کی رہنما فریال تالپور کو 28 نومبر کو طلب کیا ہے۔
ذرائع کا دعویٰ ہے کہ جے آئی ٹی نے پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو بھی 29 نومبر کو طلب کیا ہے۔
ترجمان بلاول بھٹو کی وضاحت
ترجمان چیئرمین پیپلز پارٹی نے بلاول بھٹو زرداری کو جے آئی ٹی کی جانب سے نوٹس ملنے پر لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔
مسطفیٰ نواز کھوکھر نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا کہ اگر کوئی نوٹس ملا تو سپریم کورٹ کے فیصلے پر عمل کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پہلے بھی مقدمات کا سامنا کرتی رہی ہے، اب بھی کرے گی اور ہم عدالتوں میں سرخرو ہوتے رہے ہیں۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے 7 ستمبر کو جعلی اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دی تھی۔
سپریم کورٹ نے ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر احسان صادق کو جے آئی ٹی کا سربراہ مقرر کیا ہے جب کہ اس جے آئی ٹی میں آئی ایس آئی، ایس ای سی پی، نیب، اسٹیٹ بینک اور ایف بی آر کے نمائندے بھی شامل ہیں۔
گزشتہ سماعت کے موقع پر جے آئی ٹی نے جو رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کی تھی اس میں جعلی اکاؤنٹس سے متعلق 101 ارب کی ٹرانزکشنز کی بات کی گئی تھی۔