24 نومبر ، 2018
قومی ٹیم کے تجربہ کار بلے باز اظہر علی کا کہنا ہے کہ اگر دبئی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم 300 سے زیادہ رنز کر لیتی ہے تو اس سے نیوزی لینڈ پر دباؤ بڑھے گا۔
دبئی ٹیسٹ کے پہلے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 207 رنز بنا لیے ہیں۔
اکیاسی رنز بنا کر ٹم ساؤتھی کی تھرو پر رن آؤٹ ہونے والے اظہر علی نے پریس کانفرنس میں سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ رن آؤٹ ہونے پر افسوس ہوا لیکن یہ سب کھیل کا حصہ ہے۔
ڈریسنگ روم میں حارث سہیل سے ناراضگی کا اظہار کرنے سے متعلق سوال پر اظہر علی کا کہنا تھا کہ نہیں، جو ہو گیا، اس پر کیا غصہ دکھانا، لیکن ایسا ہونا نہیں چاہیے تھا۔
انہوں نے کہا کہ حارث کو بھی اس کا اندازہ ہے کہ میں درست بھاگا تھا۔
سست انداز میں بیٹنگ کے سوال پر سابق ٹیسٹ کپتان نے کہا دبئی کی پچ پر پہلے ہی دن گیند اسپن ہو رہا تھا، پھر نیوزی لینڈ کے بولرز نے اچھی لائن اور لینتھ کے ساتھ بولنگ کی لیکن انہوں نے اس بات کو تسلیم کیا کہ کم از کم پہلے دن 24 رنز اور بنتے تو اچھا ہوتا۔
اظہر علی نے کہا کہ پہلی اننگز میں 300 سے زیادہ رنز سے اوپر جتنے بھی رنز بنیں گے، نیوزی لینڈ کی ٹیم پر دباؤ بڑھانے کا سبب بنیں گے۔