Time 25 نومبر ، 2018
کھیل

ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی سنچری بنا کر خوشی محسوس کر رہا ہوں: بابر اعظم

بابراعظم نے نیوزی لینڈ کے خلاف 127 رنز بنائے اور وہ ناٹ آؤٹ رہے۔ فوٹو: جیو نیوز

قومی ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز بابراعظم نے کہا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی سنچری اسکور کر کے خوشی محسوس کر رہا ہوں۔

دبئی ٹیسٹ کے دوسرے دن 24 سال کے دائیں ہاتھ کے بلے باز بابر اعظم جنہوں نے کیرئیر کی پہلی سنچری اسکور کی۔

دوسرے روز کا کھیل ختم ہونے کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بابر اعظم نے کہا کہ کسی بھی بلے باز کے لیے ٹیسٹ کرکٹ میں پہلی سینچری بنانا ایک اعزاز ہوتا ہے، اور مجھے خوشی ہے کہ آج میں نے قدرے انتظار کے بعد اس تک رسائی حاصل کر لی۔

بیٹنگ کے دوران دباؤ سے متعلق سوال پر بابراعظم کا کہنا تھا کہ نہیں ایسا نہیں ہے، میں ہمیشہ ٹیم کی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے،کوچ اور کپتان کی ہدایت کے مطابق کھیلتا ہوں۔

البتہ بابر نے اظہر علی کی گزشتہ روز کی پریس کانفرنس میں کی گئی اس بات کو دہرایا کہ دبئی کی پچ پر اگرچہ پاکستان نے پہلی اننگز میں 418 رنز بنائے تاہم یہاں بیٹنگ کرنا ہرگز آسان نہ تھا۔

اپنی حارث سہیل کیساتھ پانچویں وکٹ پر 186رنز کی شراکت پر بات کرتے ہوئے بابر نے کہا کہ حارث بھائی نے بہت اعتماد دیا، ہاں انہوں نے اپنے آپ کو خوش قسمت قرار دیا،کہ وہ اننگز کے دوران کئی بار رن آوٹ ہونے سے بچے۔

آسٹریلیا کے نیتھن لیون کو بابر نے ورلڈ کلاس اسپنر قرار دیتے ہوئے کہا کہ اُن کو کھیل کر اب اعجاز اور سوڈھی اتنے مشکل نہیں لگ رہے لیکن انہوں نے ساتھ ہی یہ بھی کہہ دیا کہ ان کو کھیلنا آسان بھی نہیں ہے۔

مزید خبریں :