ہریتھک روشن کا سابق اہلیہ سوزین خان کے لیے خوبصورت پیغام

ہریتھک روشن اور سوزین خان نے 2014 میں اپنی 14 سالہ ازدواجی رفاقت کے خاتمے کا اعلان کیا تھا—۔فائل فوٹو

بالی وڈ کے ایکشن اسٹار ہریتھک روشن اور فیشن ڈیزائنر سوزین خان نے 2014 میں اپنی 14 سالہ ازدواجی زندگی کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے اپنی راہیں الگ کرلی تھیں، تاہم دونوں اپنے بچوں کے لیے اکثر ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے نظر آتے ہیں۔

گذشتہ روز  ہریتھک روشن نے انسٹاگرام پر فیملی ٹرپ کی کچھ تصاویر شیئر کیں، جن میں سوزین خان کو ہریتھک اور بچوں کی تصاویر لیتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

ساتھ ہی اداکار نے اپنی سابق اہلیہ کا تذکرہ کرتے ہوئے ایک خوبصورت پیغام میں لکھا، 'یہ سوزین ہے، میری قریبی دوست (اور سابق اہلیہ) جو میرے اور میرے بیٹوں کے بہترین لمحات کو کیمرے کی آنکھ میں قید کر رہی ہے۔ یہ ایک مکمل لمحہ ہے۔ یہ ہمارے بچوں کو ہماری کہانی بیان کر رہا ہے کہ لکیروں اور تصورات کے حوالے سے تقسیم شدہ اس دنیا میں بھی دوبارہ سے متحد ہونا ممکن ہے اور یہ بھی کہ آپ مختلف چیزوں اور لوگوں کو چاہ سکتے ہیں اور پھر بھی غیر منقسم رہ سکتے ہیں۔'


واضح رہے کہ ہریتھک روشن نے سوزین خان سے 2000 میں پسند کی شادی کی تھی لیکن شادی کے 14 سال بعد دونوں نے اختلافات کے باعث عدالت سے باقاعدہ طلاق لے لی تھی۔

ریتھک اور سوزین نے اپنے دونوں بیٹوں کی پرورش کے لیے کوئی کسر نہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا اور دونوں کو کئی خاندانی تقریبات میں بھی ایک ساتھ دیکھا گیا، جس کے بعد رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ شاید دونوں دوبارہ شادی کرنے جارہے ہیں۔

تاہم ہریتھک روشن کے خاندانی ذرائع نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ بچوں کی پرورش کی وجہ سے وہ دونوں ایک دوسرے سے ملتے رہتے ہیں۔

واضح رہے کہ ہریتھک روشن اِن دنوں اپنی نئی فلم 'سپر 30' میں مصروف ہیں جو بہار سے تعلق رکھنے والے ایک ریاضی دان کی سوانح حیات پر مشتمل ہے۔

مزید خبریں :