پاکستان
Time 27 نومبر ، 2018

کراچی: تجاوزات کیخلاف آپریشن میں کے ڈے اے ٹیم پر حملہ، 4 اہلکار زخمی


کراچی: کورنگی کے علاقے مہران ٹاؤن میں تجاوزات کیخلاف آپریشن میں کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کی ٹیم پر نامعلوم مشتعل افراد نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 4 اہلکار زخمی ہوگئے۔

مشتعل افراد نے پانچ موٹر سائیکلوں، ایک گاڑی اور ایک دکان کو بھی آگ لگادی اور مختلف سڑکوں کو بھی بلاک کیا۔

کورنگی کے علاقے مہران ٹاؤن میں تجاوزات کیخلاف آپریشن میں اہل علاقہ کی جانب سے مزاحمت کی گئی اور احتجاج کیا گیا— فوٹو: جیو نیوز اسکرین گریب

صورتحال پر قابو پانے کیلئے پولیس اور رینجرز کی نفری طلب کی گئی، پولیس نے 5 افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔

کے ڈی اے حکام کے مطابق کورنگی کے علاقے مہران ٹاؤن میں تجاوزات کیخلاف آپریشن میں اہل علاقہ کی جانب سے مزاحمت کی گئی اور احتجاج کیا گیا۔

مشتعل مظاہرین نے آپریشن کرنے والی کے ڈی اے کی ٹیم اور پولیس پر پتھراؤ بھی کیا جس کے نتیجے میں کے ڈی اے کے 4 اہلکار زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا۔

کے ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن کرنے والی ٹیم پر نامعلوم افراد کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی جس کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔

کراچی ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے مطابق فائرنگ کے باعث تجاوزات کیخلاف آپریشن روک دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ علاقے میں اب صورتحال قابو میں ہے، 5 افراد زیر حراست ہیں جن کے خلاف ہنگامہ آرائی کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔

پولیس نے بتایا کہ مشتعل افراد نے 5 موٹر سائیکل، ایک گاڑی اور دکان میں آگ لگائی، مشتعل افراد کی بند کی گئی سڑکوں کو کھلوا دیا گیا ہے۔

مزید خبریں :