'ایپل' نے خراٹوں کی نگرانی کیلئے سلیپنگ سسٹم رجسٹر کروا لیا

 اس سلیپنگ سسٹم سے لوگوں کی نیند بہتر کرنے میں مدد ملے گی اور ساتھ ہی ان کے طبی مسائل بھی سامنے آسکیں گے—۔ فائل فوٹو

خراٹے لینے والے لوگ خود تو اپنی نیند پوری کر لیتے ہیں لیکن ان کے آس پاس سونے والوں کے لیے نیند پوری کرنا مشکل ہوجاتا ہے۔ اس مشکل سے نجات دلانے کے لیے مشہور امریکی ٹیکنالوجی کمپنی 'ایپل' نے خراٹوں کی نگرانی کے لیے ایک عجیب سلیپنگ سسٹم رجسٹر کروا لیا ہے۔

اس سسٹم کی مدد سے خراٹوں سے پریشان رہنے والے لوگ اپنے خراٹوں کی کپمیوٹر سے نگرانی کروا کر اپنی نیند بہتر کرنے میں مدد حاصل کرسکتے ہیں۔

ایپل فرم کے مطابق اس عجیب سسٹم سے لوگوں کی نیند بہتر کرنے کی مدد ملے گی اور ساتھ ہی ان کے  طبی مسائل بھی سامنے آسکیں گے۔

امریکی پیٹنٹ اور ٹریڈ مارک آفس کی جانب سے شائع کی گئی تفصیلات کے مطابق اس سسٹم میں شامل خصوصی بستر ایک ٹچ اسکرین کے کنٹرول پینل سے جڑا ہوا ہوگا اور کمپیوٹر، ڈسپلے پر سونے والے کے دل کی دھڑکن کی رفتار، سانس لینے کی رفتار اور درجہ حرارت دکھائے گا۔

اس سے پہلے لوگوں کی نیند کی جانچ کے لیے بھاری بھر کم مشینیں استعمال ہوتی تھیں لیکن اس مخصوص سلیپنگ سسٹم میں انتہائی چھوٹے حجم کے سنسر استعمال کیے گئے ہیں۔

کمپیوٹر سے منسلک سینسرز اور سر کے اوپر لگے ہوئے کیمرے کی مدد سے ایک ای شیٹ حاصل ہوگی، جس سے لوگوں کو اپنی نیند بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور انھیں طبی مسائل سمجھنے کا بھی موقع ملے گا۔

ملٹی سینسر سلیپ سسٹم میں ایک کیمرہ بھی شامل ہے، جو سوئے ہوئے شخص کے سر کے اوپر لگا ہوا ہوگا تاکہ خراٹوں کو جانچا جا سکے۔

کمپنی کے مطابق یہ سلیپنگ سسٹم بستر کی چادر، تکیوں کے غلاف یا کمبل وغیرہ کے ساتھ بھی کام کرسکے گا۔

اس سلیپنگ سسٹم کو بنانے والوں کا کہنا ہے کہ اسے استعمال کرنے والوں کی ذاتی معلومات ان کی مرضی کے بغیر استعمال نہیں کی جائیں گی۔

واضح رہے کہ ایپل فرم کی جانب سے اس سے پہلے بھی کئی مصنوعات رجسٹر کروائی جاچکی ہیں، اس لیے یہ نہیں کہا جا سکتا کہ یہ پراڈکٹ استعمال کے لیے کب سامنے آسکے گی۔

مزید خبریں :