Time 03 دسمبر ، 2018
پاکستان

اسٹیٹ بینک نے حکومت سے پوچھے بغیر روپے کی قدرکم کی، وزیراعظم


اسلام آباد: حکومت نے روپے کی گرتی قدر کے معاملے پر میکینزم بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے ٹی وی اینکرز اور سینئر صحافیوں سے ملاقات کی جس میں سیاسی صورتحال سمیت مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔

سینئر صحافی اور پروگرام کیپٹل ٹاک کے اینکر حامد میر نے جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان نے گفتگو کے دوران حالیہ دنوں میں روپے کی گرتی قدر سے متعلق انکشاف کیا۔

حامد میر کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ ’پہلے بھی جب ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہوا تو ان کو علم نہیں تھا اور گزشتہ روز بھی انہیں اس حوالے سے ٹی وی سے پتا چلا، روپے کی قدر اسٹیٹ بینک نے گرائی تھی جو ایک اتھارٹی ہے اور خود یہ کام کرتے ہیں، انہوں نے ہم سے اس حوالے سے نہیں پوچھا‘۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھاکہ ’اب ہم میکینزم بنارہے ہیں کہ اسٹیٹ بینک حکومت کو اعتماد میں لیے بغیر روپے کی قدر نہ گرائے‘۔

واضح رہےکہ گزشتہ دنوں روپے کی قدر میں اچانک کمی اور ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا تھا جس سے ڈالر انٹربینک میں تاریخ کی بلند ترین سطح 142 روپے تک جا پہنچا تھا۔

یاد رہے کہ مالی امداد کے لیے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان بھی مذاکرات جاری ہیں جو کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکے ہیں، آئی ایم ایف نے پاکستان سے ڈالر کی قدر مارکیٹ کے مطابق طے ہونے کا مطالبہ کیا ہے۔


مزید خبریں :