03 دسمبر ، 2018
لاہور: قومی ٹیم کے فاسٹ بولر جنید خان پاکستان کے سب سے بڑے فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ 'قائد اعظم ٹرافی' 2018ء کا فائنل نہیں کھیلیں گے۔
کراچی کے 'یو بی ایل' اسپورٹس کمپلیکس میں کل سے شروع ہونے والے پانچ روزہ فائنل میں حبیب بینک کا مقابلہ سوئی ناردن گیس کے ساتھ ہوگا۔
جنید خان حبیب بینک کی نمائندگی کر رہے ہیں جس کی قیادت ٹیسٹ اوپنر عمران فرحت کے پاس ہے۔
جنید خان نے اپنی ٹیم کو قائداعظم ٹرافی کے فائنل میں پہچانے میں اہم کردار ادا کیا تاہم اب ان کا کہنا ہے کہ دو تین ہفتے سے بولنگ نہیں کی، اور اسی ہفتے رننگ شروع کی ہے، اس لئے بینک انتظامیہ کو صورت حال سے مطلع کر دیا ہے۔
جنید خان کا کہنا تھا کہ ان کی نگاہیں دورہ جنوبی افریقا پر مرکوز ہیں جب کہ دورہ جنوبی افریقا کے لیے ون ڈے ٹیم میں ان کی شمولیت کا قوی امکان ہے۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کو دورہ جنوبی افریقا میں 19 سے 30 جنوری 2019 تک پانچ ون ڈے میچز کھیلنے ہیں۔
یاد رہے کہ اکتوبر میں اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں سوئی سدرن گیس کے خلاف میچ میں تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے جنید خان نے 38 رنز دے کر 10 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
28 سالہ جنید خان نے پاکستان کے لئے 22 ٹیسٹ میچوں میں 31.37 کی اوسط سے 71 وکٹیں حاصل کی ہیں، بائیں ہاتھ کے بولر نے آخری ٹیسٹ جون 2015ء میں سری لنکا کے خلاف کولمبو میں کھیلا تھا۔