Time 03 دسمبر ، 2018
سائنس و ٹیکنالوجی

موبائل فونز ٹوائلٹ سے زیادہ گندے قرار

تحقیق کے مطابق موبائل فون بہت سی بیماریوں کا موجب ہو سکتا ہے۔فوٹو بشکریہ : شٹر اسٹاک

اگر آپ کی انگلیاں ہمہ وقت موبائل پر مصروف رہتی ہیں تو اب ذرا یہ بھی سن لیں، سائنسدانوں نے آپ کے پیارے موبائل اور اس کے خوبصورت سے لیدر کور کو ٹوائلٹ سے بھی زیادہ گندہ قرار دے دیا ہے۔

موبائل ہر وقت ہاتھ میں رہنے والا 'آلہ' بن چکا ہے، اس لیے موبائل استعمال کرنے والے اس کی خوبصورتی کا خیال بھی رکھتے ہیں۔

موبائل کو ایک لمحے کے لیے بھی ہاتھ سے نیچے نا رکھنے والوں کے ہاتھ سے موبائل چھوٹ کر گر سکتا ہے اگر وہ دیکھ پائیں کہ ان کا موبائل فون جراثیموں کی کس قدر بڑی اور پسندیدہ آماجگاہ ہے۔

سائنسدانوں کی ایک نئی تحقیق کے مطابق ایک اوسط موبائل فون ٹوائلٹ سے 7 گنا زیادہ گندہ ہوتا ہے۔

یہ پڑھنے کے بعد آپ نے سوچا ہو گا شکر ہے کہ آپ کا موبائل تو ایک خوبصورت سے لیدر کور میں ہوتا ہے تو آپ غلط ہیں، وہ اس لیے کہ سائنسدانوں نے موبائل کے لیدر کور کو موبائل سے بھی زیادہ گندہ قرار دے دیا ہے۔

پلاسٹک کور استعمال کرنے والوں کے لیے بھی یہی خبر ہے کہ پلاسٹک کور ٹوائلٹ سے 6 گنا زیادہ گندہ ہوتا ہے۔

تحقیق میں اس کی وجہ موبائل فون کو باتھ روم اپنے ساتھ لے جانا قرار دیا گیا ہے۔ 

'انیشیل واش روم ہائی جین' نامی کمپنی کی جانب سے کیے گئے سروے کے مطابق ایک آفس میں کام کرنے والے 5 میں سے 2 لوگ اپنے کام کی جگہ پر موبائل اپنے ساتھ واش روم میں لے کر جاتے ہیں۔ ان لوگوں میں سے 40 فیصد لوگوں نے باتھ روم میں اپنا موبائل فون استعمال کرنے کا اقرار کیا ہے، ان میں 20 فیصد کہا کہ وہ باتھ روم سے باہر آکر اپنا فون صاف کرتے ہیں۔

ایک دستی ڈیوائس کے ذریعے موبائل فون سے سیمپل لیے گئے تاکہ جراثیموں کی نشاندہی کی جا سکے۔ اس ڈیوائس کے ذریعے جراثیم والی جگہ چمک جائے گی۔

اسی طرح ٹوائلٹ سیٹ کو بھی اسکین کیا گیا، جہاں 220 نشان سامنے آئے اور ایک عام موبائل 1479 پر نشان پائے گئے۔

یونیورسٹی آف ابیردین کے بیکٹیالوجی کے پروفیسر پیننگٹون نے کہا کہ موبائل ہاتھ میں پکڑے ہوئے رومال کی طرح ہے جس سے تمام دن آپ کا کئی بار براہ راست واسطہ رہتا ہے۔

تحقیق کے مطابق موبائل فونز پر نورو وائرس ہو سکتا ہے جو ہیضہ اور اسہال جیسی بیماریاں پیدا کر سکتا ہے، لیکن موبائل فون چونکہ زیادہ تر صرف ایک ہاتھ میں رہتا ہے اس لیے یہ جراثیم ایک سے دوسرے شخص کو نہیں لگتے۔ 

گزشتہ برس صارفین کی ایک نگران تنظیم نے 30 موبائل فون کو جانچا، اس جانچ میں بیکٹیریا کی سطح اس قدر زیادہ تھی کہ وہ اپنے استعمال کرنے والوں کو پیٹ کی بیماریوں میں با آسانی مبتلا کر سکتی تھی۔

تازہ ترین تحقیق میں 50 موبائل فونز کو چیک کیا گیا جس میں لیدر کور میں 17 گنا زیادہ جراثیم پائے گئے۔

اب فیصلہ اپ کے ہاتھ میں ہے۔

مزید خبریں :