03 دسمبر ، 2018
ابوظہبی: پاکستان کے اسپنر بلال آصف وکٹیں نہ ملنے پر مایوسی کا شکار ہیں۔
سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے دائیں ہاتھ کے اسپنر بلال آصف جنھوں نے دبئی میں ٹیسٹ ڈیبیو پر آسڑیلیا کیخلاف 36رنز دے کر چھ وکٹیں حاصل کی تھی۔
بلال آصف اس بات پر افسردہ ہیں کہ پہلی ٹیسٹ اننگز میں پانچ وکٹ کی پرفارمنس کے بعد ان کی بولنگ میں ایک ٹھہراؤ سا آگیا ہے اور انھیں تواتر کے ساتھ وکٹیں نہیں مل رہیں۔
ابوظہبی ٹیسٹ کے پہلے دن 24 اوورز میں 57 رنز دے کر دو وکٹیں حاصل کرنے والے بلال آصف اولین ٹیسٹ اننگز میں چھ وکٹ کی پرفارمنس کے بعد سات اننگز میں محض 5 وکٹیں ہی حاصل کر پائے تھے۔
اس حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ کپتان سرفراز احمد، محمد حفیظ اور یاسر شاہ نے ان کا حوصلہ بڑھایا ہے، وہ پوری کوشش کر رہے ہیں کہ دبئی ٹیسٹ کی پرفارمنس دہرائیں۔
ابوظہبی ٹیسٹ کے پہلے دن کھیل پر گفتگو کرتے ہوئے بلال آصف بولے پچ پر تھوڑی نمی تھی، بولنگ کرنے میں مشکل بھی تھی لیکن جہاں گیند گرانا چاہتے تھے، وہاں کامیابی بھی ملی۔
بلال آصف نے کہا کہ ابوظہبی ٹیسٹ کا پہلا دن اچھا تھا، ہم نے نیوزی لینڈ کے 7 کھلاڑی آوٹ کئے، اب دوسرے دن صبح باقی تین وکٹ لینے کی بھی کوشش کریں گے۔
یاد رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ابوظہبی ٹیسٹ کے پہلے روز کیویز نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 229 رنز بنا لیے ہیں۔