پاکستان
Time 04 دسمبر ، 2018

امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان کی پاکستان سے افغانستان میں امن کیلئے تعاون کی اپیل


اسلام آباد: امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد نے ایک بار پھر پاکستان سے افغانستان میں امن کے لیے تعاون کی درخواست کی ہے۔

زلمے خلیل زاد غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز ای کے 612 کے ذریعے دبئی سے اسلام آباد پہنچے۔

امریکا سے آئے 4 رکنی وفد نے زلمے خلیل زاد کی قیادت میں پاکستانی حکام کے ساتھ دفتر خارجہ میں ملاقات کی۔

پاکستانی وفد کی قیادت سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کی جب کہ اجلاس میں دونوں جانب سے سفارتی، سیکیورٹی اور دفاعی حکام نے بھی شرکت کی۔ ملاقات میں افغانستان میں امن اور سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس کے علاوہ زلمے خلیل زاد نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ بھی ملاقات کی جس میں انہوں نے ایک بار پھر امریکی صدر ڈونلڈ کی جانب سے افغانستان میں امن مذاکرات کے لیے پاکستان سے تعاون کی درخواست کی۔

افغانستان میں قیام امن پاکستان کے بہترین مفاد میں ہے، وزیر خارجہ 

وزیر خارجہ شاہ محمود نے زلمے خلیل زاد کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پاکستان، افغانستان میں سیاسی تصفیہ کیلئے خلوصِ نیت کے ساتھ اپنا تعاون جاری رکھے گا کیونکہ افغانستان میں قیام امن، پاکستان کے بہترین مفاد میں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے افغان مصالحتی عمل میں پاکستان کے تعاون کے حصول کیلئے صدر ٹرمپ کے پیغام کا خیرمقدم کیا ہے۔

امریکی نمائندہ خصوصی دورہ مکمل کر کے جمعرات کو اسلام آباد سے روانہ ہو جائیں گے۔

زلمے خلیل زاد پاکستان سمیت 8 ممالک کے دورے پر ہیں جس کے دوران وہ افغانستان، روس، ازبکستان، ترکمانستان، بیلجیم، متحدہ عرب امارات اور قطر بھی جائیں گے۔

مزید خبریں :