کھیل
Time 06 دسمبر ، 2018

ٹیسٹ کرکٹ میں تیزترین 200 وکٹیں: یاسر شاہ نے 82 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا


ابوظہبی: لیگ اسپنر یاسر شاہ نے ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین 200 وکٹیں حاصل کرنے کا 82 سال پرانا ریکارڈ توڑ دیا۔

نیوزی لینڈ کے خلاف ابوظہبی ٹیسٹ میں یاسر شاہ نے اپنی دوسری وکٹ حاصل کی تو ان کی 200 وکٹیں مکمل ہوئیں اور اس طرح انہوں نے آسٹریلوی لیگ اسپنر کلیری گرمٹ کا 1936 میں 36 ٹیسٹ میچز میں بنایا گیا 200 وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ توڑ دیا۔

یاسر شاہ نے 33 میچز میں 200 وکٹیں حاصل کیں اور اس طرح وہ پہلے بولر ہیں جنہوں نے تیز ترین 200 وکٹیں مکمل کیں۔

بھارت کے روی چندرن ایشون نے 37، وقار یونس اور ڈینس للی نے 38 ٹیسٹ میچز میں 200 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

یاد رہے کہ یاسر شاہ نے 22 اکتوبر 2014 کو آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا اور 4 سال، ڈیڑھ ماہ کے کیریئر میں انہوں نے  200 وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ انجام دیا۔

لیگ اسپنر یاسر شاہ نے تین مرتبہ 10 وکٹیں اور ایک اننگز میں 5 کھلاڑیوں کو 16 مرتبہ آؤٹ کیا جب کہ نیوزی لینڈ کے خلاف دبئی ٹیسٹ میں انہوں نے 14 وکٹیں حاصل کیں جو ان کے کیرئیر کی بہترین بولنگ تھی۔

یاسر شاہ کو مبارکبادیں

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے یاسر شاہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یاسر شاہ کا ورلڈ ریکارڈ پاکستان کرکٹ کے لیے قابل فخر موقع ہے، وہ ٹیسٹ ڈیبیو سے لے کر اب تک غیر معمولی بولر ثابت ہوئے۔

احسان مانی نے کہا کہ یاسر شاہ کی کیریئر میں مزید کامیابیوں کے لیے پرامید اور دعا گو ہوں۔

لاہور قلندرز کے سی ای او عاطف رانا اور ڈائریکٹر عاقب جاوید نے یاسر شاہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 82 سال پرانا ریکارڈ توڑنا غیرمعمولی کارنامہ ہے اور وہ کرکٹ کے مزید ریکارڈ توڑیں گے۔

عاطف رانا نے کہا کہ لاہور قلندرز فیملی کی یاسر شاہ کے لیے نیک خواہشات ہیں۔

مزید خبریں :