کرچی میں خواتین کو لوٹنے والا گروہ گرفتار

ملزمان کے قبضے سے 70 سے زائد خواتین سے لوٹے گئے پرس، بیگز، نقد رقم اور زیورات برآمد ہوئے ہیں: پولیس۔ فوٹو: فائل

کراچی: پولیس نے صرف خواتین کو لوٹنے والے گروہ کو گرفتار کر لیا۔

کراچی میں صرف خواتین کو اسٹریٹ کرائم کا نشانہ بنانے والے ڈاکوؤں کے تین رکنی گروہ کو فیروز آباد پولیس نے مقابلے کے بعد گرفتار کر لیا جن میں ایک ملزم زخمی بھی ہوا۔

ایس ایس پی ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے پریس کانفرنس کے دوران ملزمان کی گرفتاری اور وارداتوں کی تفصیلات بتائیں اور اس دوران ملزمان کی وارداتوں کا نشانہ بننے والی خواتین اور شہریوں کو بھی بلوایا گیا تھا۔

ایس ایس پی غلام اظفر مہیسر کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 70 سے زائد خواتین سے لوٹے گئے پرس، بیگز، نقد رقم اور زیورات برآمد ہوئے ہیں۔

پریس کانفرنس میں آنے والی خواتین اور شہریوں کو ان سے لوٹا گیا بیشتر سامان واپس کیا گیا۔ 

غلام اظفر مہیسر کے مطابق ملزمان کی گرفتاری پی ای سی ایچ ایس بلاک 3 میں فیروز آباد پولیس سے مقابلے میں عمل میں آئی۔

ایس ایچ او فیروزآباد اورنگزیب خٹک کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ملزمان کا ایک ساتھی زخمی بھی ہوا۔

ایس پی جمشید کوارٹر شمائل ریاض نے میڈیا کو بتایا کہ ان ملزمان کا گروہ چار رکنی تھا جو گزشتہ ساڑھے چار سال کے دوران 200 خواتین کو لوٹ چکا ہے۔ 

پولیس کے مطابق ملزمان کے ہاتھوں یہ شہری پی ای سی ایچ ایس، ٹیپو سلطان، نرسری، گلشن اقبال، بہادر آباد،کلفٹن اور دیگرعلاقوں میں وارداتوں کا نشانہ بنے۔

ملزمان کا ایک ساتھی ڈیڑھ ماہ قبل بہادر آباد میں پولیس مقابلے میں زخمی ہو کر گرفتار ہوچکا ہے جو اب جیل میں ہے۔

ملزمان اس سے قبل بھی ڈکیتی چوری اور قتل کے مقدمات میں گرفتار ہو چکے ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزمان خواتین کو صرف اس لیے نشانہ بناتے تھے کہ ان سے مزاحمت کا خدشہ نہیں تھا۔ گرفتار ملزمان نے پوش علاقوں میں 100 سے زائد وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔

ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق ملزمان کے قبضے سے خواتین کےچھینے ہوئے 60 قیمتی لیڈیز بیگ بھی برآمد ہوئے ہیں۔

دونوں ملزموں سے چھینی ہوئی رقم 3 لاکھ 50 ہزار روپے بھی برآمد ہوئے ہیں جب کہ چھ مختلف وارداتوں کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں اس گینگ کو خواتین کو لوٹتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

گرفتار ملزمان کے چوتھے ساتھی کی گرفتاری کے لیے پولیس چھاپے مار رہی ہے۔ ایس ایس پی غلام اظفر مہیسر کے مطابق ملزمان جس رکشے میں وارداتیں کرتے تھے وہ بھی برآمد کر لیا گیا۔

ایس ایس پی ایسٹ نے بتایا کہ تفتیش کر رہے ہیں کہ ملزمان نے قیمتی زیورات اور چھینے ہوئے موبائل فونز کہاں فروخت کیے۔

ایس ایس پی ایسٹ کے مطابق ڈکیتی کا مال خریدنے والوں کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔

مزید خبریں :