موبائل سے رابطہ توڑیں اور پائیں ایک لاکھ ڈالر

موبائل فون کے بغیر ایک سال گزارنے والے کو 100000 ڈالر بطور انعام کے دیے جائیں گے۔فوٹو؛ وٹامن واٹر

کیا آپ ایک بھی دن موبائل فون کے بغیر رہ سکتے ہیں۔ یقیناً بہت سی تاویلوں کے بعد آپ کا جواب نا میں ہو گا۔ اگر یہ کہا جائے کہ موبائل کے بغیر، وہ بھی پورے ایک سال رہنے پر آپ کو ملیں گے ایک لاکھ ڈالر، تو آپ کیا جواب کیا ہو گا؟

جواب سوچیں اور ساتھ ہی اس خبر کی تفصیل بھی پڑھ لیں۔

مشروبات کی ایک معروف کمپنی نے حال ہی میں اپنی نوعیت کے ایک انوکھے مقابلے کا اعلان کیا ہے۔

مقابلہ یہ ہے کہ اپنے موبائل فون اور ٹیبلیٹس کو چھوڑنا ہو گا، وہ بھی پورے ایک سال کے لیے اور انعام میں ملے گی ایک ٹھیک ٹھاک بڑی رقم۔

یہ بے شک ایک مشکل کام نا ہوتا اگر آج سے کافی عرصے پہلے کرنا ہوتا لیکن آج کے دور میں موبائل فون کے بغیر ایک لمحہ گزارنا بھی مشکل ہے۔ اب وجوہات چاہے جو بھی ہوں۔

 مشروبات کی ایک معروف کمپنی نے اس مشکل کام کے لیے ایک لاکھ ڈالر کی پیشکش کر دی ہے۔

وٹامن واٹر نامی کمپنی کی جانب سے نو فون فار آ ائیر کے ہیش ٹیگ کا چلینج متعارف کرایا گیا ہے جسے قبول کرنے والے کو 365 دن یعنی پورا ایک سال موبائل فون کے بغیر رہنا ہو گا۔

ان شرائط کو قبول کرنے والے کو نہ صرف ایک سال تک اپنے موبائل فون اور ٹیبلیٹ کے استعمال سے پرہیز کرنا ہو گا بلکہ وہ کسی اور کا سیٹ بھی استعمال نہیں کر سکے گا۔

اس مقابلے میں شرکت کرنے والے کو ایک معاہدے پر دستخط کرنا ہوں گے جس میں یہ ایک سال کا دورانیہ بغیر موبائل فون کے طے کرنا ہو گا۔ اور ان سخت شرائط پر پورا اترنے والے کو ایک لاکھ ڈالر دیئے جائیں گے۔


یہ سننے میں تو بہت پرکشش اور آسان لگ رہا ہے لیکن ہے نہیں۔ اس مقابلے میں شرکت کے لیے پہلے کمپنی کو قائل کرنا ہو گا کہ اس مقابلے کے لیے آپ بہترین امیدوار  ہیں۔

اس غیر معمولی مقابلے کے لیے آپ کو ٹوئٹر یا انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کرنا ہو گی کہ آپ اپنے موبائل سے ناتا کیوں توڑنا چاہتے ہیں اور ساتھ ہی ہیش ٹیگ کا بھی استعمال کرنا ہو گا۔

کمپنی کی جانب سے مقابلے کے لیے اہل ہونے والوں کے ناموں کا اعلان 22 جنوری 2019 کو کیا جائے گا۔

ان سب میں اہم بات یہ ہے کہ منتخب ہونے والے امیدوار کو مکمل طور پر موبائل کے بغیر نہیں رہنا ہو گا بلکہ کمپنی کی طرف سے اسے 1996 کے دور کا ایک موبائل فون فراہم کر دیا جائے گا جس پر صرف بات کرنے کی سہولت میسر ہو گی۔

یہ خبر پڑھنے کے بعد آپ کے ذہن میں یہ سوال ضرور اٹھا ہو گا کہ کمپنی کیسے کسی کے موبائل فون کے استعمال پر نظر رکھ سکے گی، ابھی تک اس حوالے سے کمپنی کی جانب سے مکمل فہرست جاری نہیں کی گئی، البتہ کمپنی کی طرف سے یہ ضرور کہا جا رہا ہے کہ انعامی رقم ملنے سے پہلے امیدوار کو جھوٹ پکڑنے کے ٹیسٹ سے گزرنا ہو گا۔

کچھ لوگوں کا گزارہ موبائل کے بغیر تقریباً ناممکن ہے اور ایک سال کافی لمبا عرصہ ہے۔ اس لیے کمپنی نے صرف 6 ماہ تک صبر کرنے والوں کے لیے 10000 ڈالر کے خصوصی انعام کا اعلان کیا ہے۔

کمپنی کی جانب سے اس مقابلے کے اصلی ہونے کی یقین دہانی کروائی گئی ہے۔

کمپنی کی برانڈ منیجر نتالیہ سوارز نے سی این بی سی کو بتایا ہے کہ اس مقابلے میں حصہ لینے والے اپنے وقت کو کسی دلچسپ طریقے سے گزار سکیں گے۔

یہ خبر سنتے ہی اگر آپ نے اپنے موبائل فون کی طرف دیکھا کہ کیا یہ موبائل فون اسمارٹ ہے کہ نہیں تو کمپنی نے پہلے ہی خبردار کر دیا ہے کہ اگر پیغام بھیجنا آپ کے لیے باعث مسرت تجربہ ہے یا پھر آپ انٹرنیٹ سے جڑ سکتے ہیں تو پھر آپ کا فون ایک اسمارٹ فون ہے۔

یقیناً اب آپ کے لیے فیصلہ کرنا آسان ہو گیا ہو گا۔ایک سال موبائل کے بغیر یا موبائل فون کا ساتھ بغیر کسی وقفے کے لیکن 100000 ڈالر کے بغیر۔

مزید خبریں :