17 دسمبر ، 2018
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے ن لیگ کے رہنما عابد شیر علی کو چیلنج کیا ہے کہ وہ لندن میں ان کی 8 جائیدادیں ثابت کریں۔
وفاقی وزیر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ انہوں نے لندن میں جائیدادیں قانونی طریقے سے بنائیں اور ان کے اثاثوں کی تمام تفصیلات الیکشن کمیشن کے پاس موجود ہیں۔
فیصل واوڈا نے عابد شیر علی کو چیلنج کیا کہ وہ اُن کی لندن میں آٹھ جائیدادیں ثابت کریں۔
خیال رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما عابد شیر علی نے لندن سے جاری اپنے ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ فیصل واوڈا کی لندن میں جائیدادیں ہیں جو انہوں نے چائنا کٹنگ اور بھتے کے پیسے سے بنائی ہیں۔
عابد شیر علی نے چیئرمین نیب سے واقعے کیا نوٹس لینے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔
فیصل واوڈا نے عابد شیر علی کی ویڈیو کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ'وہ سستی شہرت کے لیے ایسے بیانات دے رہے ہیں، ان کا ذہنی توازن درست نہیں ہے'۔