Time 19 دسمبر ، 2018
پاکستان

لاہور میں انجینیئرز کا پیرس مظاہرین کی طرز پر پیلی جیکٹ پہن کر احتجاج


لاہور میں پنجاب کے مختلف محکموں کے انجینیئرز نے پیرس مظاہرین کی طرز پر پیلی جیکٹ پہن کر احتجاج کیا۔

مظاہرین نے بنیادی تنخواہ کا تین گنا ٹیکنیکل الاؤنس دینے، بنیادی پے اسکیل اپ گریڈ کرنے، سروس اسٹرکچر وضع کرنے کا مطالبہ کردیا۔

پنجاب ایسوسی ایشن آف گورنمنٹ انجینیئرز کا احتجاج 23 ویں روز بھی جاری ہے۔ حکومت اور انجینیئرز کے درمیان مذاکرات بے نتیجہ ختم ہوگئے۔ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے واٹر کینین طلب کر لی۔ انجینیئروں نے فرانس کے مظاہرین کی طرح پیلی جیکٹس پہن کر ریلی نکالی۔ ریلی انارکلی سے چیئرنگ کراس پہنچی تو انجینیئروں نے پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دے دیا ۔

مختلف صوبائی محکموں کے انجینئرز نے فرانس کے مظاہرین کی طرز پرپیلی جیکٹس پہن رکھی تھیں ۔ مظاہرین نے چیئرنگ کراس پرپہنچ کر پنجاب اسمبلی کے سامنے دھرنا دے دیا ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو میں پاکستان انجینیئرنگ کونسل کے چیئرمین جاوید قریشی اور دیگر قائدین کا کہنا تھا کا جب تک تنخواہ کا تین گنا ٹیکنیکل الاؤنس ، اسکیل اپ گریڈیشن اور انجینیئرز کا سروس اسٹرکچر وضع نہیں کیا جاتا وہ دھرنا ختم نہیں کریں گے۔

انجینیئرز کی احتجاجی ریلی کے باعث مال روڈ پر ٹریفک کا شدید دباؤ رہا جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

خیال رہے کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے فرانس کے دارالحکومت پیرس میں بھی احتجاج جاری ہے۔ وہاں مظاہرین نے ایندھن کی قیمت میں اضافے کے خلاف احتجاج شروع کیا تھا جس کے بعد حکومت کو اضافے کا فیصلہ واپس لینا پڑا تھا لیکن مظاہرین نے دھرنا جاری رکھا ہوا ہے اور اب ان کا مطالبہ ہے کہ فرانسیسی صدر مستعفی ہوں۔

مزید خبریں :