Time 22 دسمبر ، 2018
پاکستان

موبائل ٹاور پر چڑھے شخص کو 'جعلی وزیراعظم ' سے بات کروا کے منا لیا گیا


اسلام آباد: بلیوایریا میں ایک شخص وزیراعظم بنانے کا مطالبہ لے کر موبائل سگنل کے ٹاور پر چڑھ گیا اور وزیراعظم سے بات کرانے کے لیے اسرار کرتا رہا لیکن اسلام آباد پولیس نے اس شخص کو ماموں بنادیا اور ٹی وی فنکار کو وزیراعظم بتاکر بات کراکے اسے نیچے اتار لیا۔

جیونیوز کے مطابق اسلام آباد کے علاقے بلیو ایریا میں دلچسپ واقعہ پیش آیا جہاں ایک شخص ہاتھ میں قومی پرچم اٹھائے موبائل سگنل کے ٹاور پر جا چڑھا اور اس نے خود کو وزیراعظم بنانے کا مطالبہ کیا۔

نمائندہ جیونیوز نے بتایا کہ اس شخص کا تعلق سرگودھا سے ہے اور اس کا مؤقف ہےکہ اسے وزیراعظم بنایا جائے، وہ پاکستان کے معاشی حالات ٹھیک کرے گا اور 6 ماہ میں ملک کا قرضہ اتار دے گا۔

اس کے علاوہ مذکورہ شخص نے یہ بھی مطالبہ کیا ہےکہ وہ وزیراعظم عمران خان اور ڈی پی او سرگودھا کے علاوہ کسی سے بات نہیں کرے گا اور بات کرانے تک نیچے بھی نہیں اترے گا۔

پولیس اور انتظامیہ کی ناک میں دم کرنے والے اس شخص کو انتظامیہ نے ماموں بنادیا اور وزیراعظم بتا کر اس کی بات ایک فنکار سے کرادی۔

پولیس کے مطابق موبائل ٹاور پر چڑھنے والے شخص سے فنکار شفاعت علی نے وزیراعظم بن کر بات کی جس کے بعد یہ شخص نیچے اترآیا۔

پولیس نے مذکورہ شخص کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔

مزید خبریں :