22 دسمبر ، 2018
کرکٹ آسٹریلیا نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے مارچ میں دو ون ڈے میچز لاہور یا کراچی میں کھیلنے کی پیشکش کی ہے۔
آسٹریلیا نے پاکستان کا آخری دورہ مارک ٹیلرکی قیادت میں 1998 میں کیا۔
کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے کی گئی پیشکش پر غور کررہا ہے اور دورہ پاکستان کے لیے مذاکرات جاری رکھے جائیں گے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے بیان کے بعد اب امکان پیدا ہوگیا ہے کہ آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے بیس سال بعد پاکستانی میدانوں میں ایکشن میں نظر آئے۔
کرکٹ آسٹریلیا کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے مارچ میں دو ون ڈے میچز لاہور یا کراچی میں کھیلنے کی پیشکش کی ہے ۔
ترجمان کے مطابق پاکستانی حکام نے انٹرنیشنل ٹور کے لیے اعلی سطح کی سیکیورٹی کی یقین دہانی کرادی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے جو اقدامات حکومت اور سیکورٹی عہدیداروں کی جانب سے کئے گئے ہیں وہ قابل تعریف ہیں لیکن کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف کی حفاظت اولین ترجیح ہے اس لیے اس کا مکمل جائزہ لیا جائےگا۔
آسٹریلیا کے ساتھ پوری سیریز کیلیئے بات چیت ہو رہی ہے: ذرائع پی سی بی
ذرائع پی سی بی کا کہنا ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا کے ساتھ پاکستان میں سیریز کھیلنے کے لیے مذاکرات اکتوبر میں شروع ہوئے تھے اور یہ ابھی ابتدائی مرحلے میں ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹ آسٹریلیا کے ساتھ سیکیورٹی بریفنگ سمیت ہر معاملے پر بات چیت ہوئی ہے اور یہ صرف ایک دو میچوں کا معاملہ نہیں ہے بلکہ مکمل سیریز کے لیے بات چیت ہو رہی ہے۔
ذرائع پی سی بی کا بتانا ہے کہ بورڈ اس حوالے سے ابھی بڑے دعوے نہیں کرنا چاہتا لیکن اس سے قبل کرکٹ آسٹریلیا نے بھی پاکستان میں میچز کے لیے بات چیت کی تصدیق کی ہے۔