Time 24 دسمبر ، 2018
پاکستان

نیب کا فلیگ شپ ریفرنس میں نوازشریف کی بریت کیخلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ


اسلام آباد: نیب نے فلیگ شپ ریفرنس میں نوازشریف کی بریت کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹرز میں اہم اجلاس ہوا جس میں سینئر قانونی ماہرین، متعلقہ ڈی جیز اور سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں نیب نے فلیگ شپ ریفرنس میں نوازشریف کی بریت کے احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نیب اعلامیے کے مطابق چیئرمین نیب نے قانونی ٹیم کو ہدایت کی ہےکہ عدالتی نقول حاصل کرنے کے بعد مکمل تیاری، ٹھوس شواہد اور قانون کے مطابق نوازشریف کی بریت کے خلاف بروقت اپیل دائر کی جائے۔

واضح رہےکہ سابق وزیراعظم میاں نوازشریف کے خلاف مزید دو نیب ریفرنسز کا فیصلہ سنادیا گیا ہے جس میں احتساب عدالت نے انہیں فلیگ شپ ریفرنس میں بری کیا ہے جب کہ العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں 7 سال قید کی سزا سنائی ہے۔

مزید خبریں :