25 دسمبر ، 2018
اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں احتساب عدالت کی جانب سے سنائی گئی سزا کے خلاف اپیل کی تیاریاں شروع کردی گئیں اور اس سلسلے میں وکلا نے مقدمے کا ریکارڈ بھی حاصل کرلیا۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف کی جانب سے العزیزیہ ریفرنس کے فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا جائے گا اور اس حوالے سے ان کے وکلا نے کام بھی شروع کردیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے بھی مقدمے کا تمام تصدیق شدہ ریکارڈ حاصل کرلیا اور نیب کی جانب سے فلیگ شپ ریفرنس میں نواز شریف کی بریت کے عدالتی فیصلے کو چیلنج کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق دونوں فریقین 10 روز میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کریں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے نیب ریفرنسز پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کو 7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی جب کہ عدالت نے فلیگ شپ ریفرنس میں سابق وزیراعظم کو بری کیا۔