28 دسمبر ، 2018
کراچی: تحریک انصاف نے منی لانڈرنگ سےمتعلق جے آئی ٹی رپورٹ میں نام آنے پر وزیراعلیٰ سندھ سے استعفے کا مطالبہ کردیا۔
تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ کے استعفے کامطالبہ صرف ای سی ایل میں نام آنے پر نہیں کیا، مراد علی شاہ بہت سارے معاملے کے پیچھے ہیں، ہر محکمے میں اربوں نہیں کھربوں روپےکی کرپشن ہوئی ہے، ہم 5 سال تک انتظار نہیں کرسکتے، ہر فورم پر ان کے خلاف آواز اٹھائیں گے۔
خرم شیر زمان نے دعویٰ کیا کہ عوام تیاری کرلے، پی ٹی آئی سندھ میں حکومت بنانے جارہی ہے، پیپلز پارٹی کی حکومت ہم گرائیں گے، ہم اس راستے پر نکل چکے ہیں، سندھ میں پیپلزپارٹی کی حکومت کا خاتمہ کریں گے۔
مراد علی شاہ سندھ کے بہت بڑے چور لٹیرے ثابت ہوئے ہیں: حلیم عادل
دوسری جانب حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ ساڑھے 7 ارب کی کسانوں کو دی جانے والی سبسڈی بھی اومنی گروپ میں آگئی، سندھ بینک سے اربوں روپےکا قرضہ لیا جو مراد علی شاہ کے پاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ مراد علی شاہ سندھ کے بہت بڑے چور لٹیرے ثابت ہوئے ہیں، انہیں استعفیٰ دینا پڑے گا، ان سب کے بینک اکاؤنٹ اور اثاثے منجمند ہونے چاہئیں۔