29 دسمبر ، 2018
قصور کے چمڑے کے تاجر کو بیٹے اور ڈرائیور سمیت قتل کردیا گیا، جن کی لاشیں گاڑی سے برآمد ہوئیں۔
پولیس کے مطابق قصور کے علاقے کوٹ پکا قلعہ کا رہائشی نیاز احمد، اپنے بیٹے احمد اور ڈرائیور فیض کے ساتھ لین دین کے سلسلے میں کرائے کی کار میں کل صبح سیالکوٹ گیا تھا۔
تاہم تینوں کی لاشیں بعدازاں شام کے وقت ڈسکہ کے علاقے دھرم کوٹ میں گاڑی سے برآمد ہوئیں۔
خاندانی ذرائع کے مطابق مقتول نے کاروبار کے سلسلے میں سیالکوٹ کی ایک پارٹی سے ڈیڑھ کروڑ روپے لینے تھے۔ نیاز احمد کا بیٹا احمد وکیل تھا، جسے وہ اپنے ساتھ لے کر گیا تھا۔
پولیس کے مطابق تینوں کو نشہ آور چیز پلانے کے بعد گلا دبا کر قتل کیا گیا۔
باپ بیٹا کی لاشیں گاڑی کے اندر جبکہ ڈرائیور کی لاش گاڑی کی ڈگی سے برآمد ہوئی۔
پولیس نے شواہد جمع کرکے تفتیش کا آغاز کردیا۔