Time 03 جنوری ، 2019
پاکستان

جعلسازی کے مقدمے میں پی ٹی آئی رکن سندھ اسمبلی دیوان سچا نند کو 3 سال قید کی سزا

دیوان سچا نند مخصوص نشست پر پاکستان تحریک انصاف کے اقلیتی رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے تھے—۔جیو نیوز اسکرین گریب

ٹنڈوآدم کی مقامی عدالت نے جعلسازی کے مقدمے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رکن سندھ اسمبلی دیوان سچا نند کو 3 سال قید کی سزا سنادی۔

دیوان سچانند نے کاروباری لین دین پر سیٹھ ایوب راجپوت نامی ایک شخص کو ایک کروڑ روپے کا چیک دیا تھا، جو باؤنس ہوگیا تھا۔

جس کے بعد سیٹھ ایوب راجپوت نے دیوان سچا نند کے خلاف مقدمہ درج کروایا۔

یہ کیس کافی عرصے تک چلتا رہا جبکہ رکن سندھ اسمبلی اس دوران ضمانت پر رہا رہے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ ٹنڈو آدم کامران کلہوڑو کی عدالت میں آج دیوان سچا نند کے خلاف جعلسازی کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔

سماعت کے بعد عدالت نے جرم ثابت ہونے پر پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی دیوان سچا نند کو 3 سال قید کی سزا کا حکم سنایا، جس کے بعد ملزم کو  عدالت کے احاطے سے گرفتار کرلیا گیا۔

واضح رہے کہ دیوان سچا نند مخصوص نشست پر پاکستان تحریک انصاف کے اقلیتی رکن سندھ اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

گرفتاری کے بعد جیو نیوز سے گفتگو میں دیوان سچا نند نے کہا کہ 'یہ کیس غلط تھا، بہرحال عدالت نےسزا سنائی ہے، لیکن وہ اس کے خلاف اپیل کریں گے'۔

دیوان سچا نند کا مزید کہنا تھا کہ وہ کل ضمانت کرالیں گے۔

مزید خبریں :