ترکی میں چوری کا انوکھا واقعہ، خاتون نے ہیرے کی انگوٹھی نگل لی

ملازم کی عقابی نظروں نے خاتون کو پکڑ لیا جس کے بعد پولیس نے اسپتال میں ایکسرے کرواکر خاتون کی چوری پکڑی  — فوٹو: ڈیلی میل 

استنبول: ترکی میں چوری کے انوکھے واقعے میں جیولری شاپ پر خاتون نے ہیرے کی انگوٹھی نگل لی لیکن ملازم کی عقابی نظروں نے بروقت خاتون کی چوری پکڑلی۔

یوں تو دنیا بھر میں چوری ڈکیتی کے واقعات بے حد عام ہیں اور روز نت نئے طریقے منظر عام پر آتے رہتے ہیں تاہم ترکی میں چوری کے انوکھے واقعے نے دیکھنے والوں کو بھی حیران کردیا ہے۔

ترکی کے شہر استنبول کی ایک جیولری شاپ میں چوری کا حیران کن واقعہ پیش آیا جب ایک خاتون کسٹمر بن کر دکان میں داخل ہوئیں اور ہیرے کی انگوٹھی دیکھنے کے دوران اپنے پرس سے پانی کی بوتل نکالی اور ہاتھ میں پکڑی قیمتی ہیرے کے انگوٹھی نگل لی۔

رپورٹ کے مطابق اس دوران دکان کے ملازم کی عقابی نظروں نے خاتون کو پکڑ لیا اور پولیس کے حوالے کیا جس کے بعد اسپتال میں خاتون کا ایکسرے کروایا گیا اور یوں خاتون کی چوری پکڑی گئی۔

پولیس نے خاتون پر چوری کا مقدمہ درج کرلیا جس کے بعد انہیں ضمانت پر رہا بھی کردیا گیا ہے لیکن چوری کی انگوٹھی اب بھی خاتون کے پیٹ میں موجود ہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق خاتون کو انگوٹھی واپس کرنا ہوگی یا اس کی رقم دکان کے مالک کو دینا ہوگی۔

مزید خبریں :