Time 04 جنوری ، 2019
کھیل

امام مسجد کی بیٹی کیلئے پاکستان کی تیز ترین ایتھلیٹ کا اعزاز

صاحب اسراء پاکستان کی تیز ترین ایتھلیٹ بن گئی ہیں جنہوں نے صرف 100 میٹر ہی نہیں بلکہ 200 اور 400 میٹر ریس میں بھی سونے کے تمغے حاصل کئے— فوٹو: اسکرین گریب

کھیل سے جنون کی حد تک لگاؤ اور ٹیلنٹ ہو تو کھلاڑی منزل پا ہی لیتا ہے، فیصل آباد کے امام مسجد کی بیٹی صاحب اسراء نے اس بات کو عملی طور پر سچ کردکھایا ہے۔

صاحب اسراء پاکستان کی تیز ترین ایتھلیٹ بن گئی ہیں جنہوں نے صرف 100 میٹر ہی نہیں بلکہ 200 اور 400 میٹر ریس میں بھی سونے کے تمغے حاصل کئے۔

پاکستان کی تیز ترین ایتھلیٹ صاحب اسراء نے ڈھائی ماہ پہلے نہ صرف سو بلکہ دو اور چار سو میٹرریس میں بھی طلائی تمغے حاصل کیے۔

صاحب اسراء کا تعلق فیصل آباد سے ہے اور ان کے والد قاری عالم خان مسجد کے پیش امام ہیں۔

قاری عالم خان کا کہنا ہے کہ بیٹی کو دوڑنے کا جنون تھا وہ بہت محنت کرتی ہے، جو بیٹے کیلئے سوچتا ہوں وہی بیٹی کیلئے کیا۔

صاحب اسراء نے اسکول کے زمانے سے ہی ایتھلیٹکس کے کھیل کا انتخاب کیا، ڈسٹرکٹ، صوبائی اور قومی سطح کے بعد اسلامک گیمز اور سیف گیمز میں بھی پاکستان کی نمائندگی کی۔

اسراء نے سو میٹر کا فاصلہ 11 اعشاریہ صفر چھ سکینڈز میں طے کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔

صاحب اسراء نے کوچنگ اور بنیادی سہولتوں کے فقدان کا شکوہ بھی کیا ہے اور ان کا کہنا ہے کہ مناسب سہولتیں ملیں تو وہ بین الاقوامی سطح پر بھی پاکستان کا نام روشن کرسکتی ہیں۔

صاحب اسراء نے اپنی کہانی کی ویڈیو بناکر سوشل میڈیا پر ڈالی جو وائرل ہوتی جارہی ہے۔



مزید خبریں :