05 جنوری ، 2019
کراچی: اورنگی ٹاؤن میں قطر اسپتال کے قریب ایک اسکول وین میں آگ لگنے کے نتیجے میں 8 بچے جھلس کر زخمی ہوگئے۔
عینی شاہدین کے مطابق اورنگی ٹاؤن میں قطر اسپتال کے قریب اسکول وین صبح ریت میں دھنس گئی تھی، جسے ڈرائیور اور کچھ بچے دھکا لگا رہے تھے کہ اسی دوران ڈرائیور کے برابر والی نشست سے شعلے نکلنا شروع ہوگئے۔
آگ لگنے کے نتیجے میں اسکول وین کے اندر بیٹھے بچے جھلس گئے۔
زخمی بچوں کو علاقہ مکینوں اور ڈرائیور نے اپنی مدد آپ کے تحت اسپتال منتقل کیا۔
سول اسپتال کے برنس وارڈ کے انچارج کے مطابق زخمی ہونے والے 6 بچوں کو یہاں منتقل کیا گیا، جن میں سے 4 کو ابتدائی طبی امداد دے کر گھر بھیج دیا گیا جبکہ 2 بچوں کو برنس وارڈ میں داخل کرلیا گیا، جن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
دوسری جانب 2 بچوں کو قطر اسپتال بھی منتقل کیا گیا، جنہیں معمولی زخم آئے تھے۔
اسی دوران فائر بریگیڈ کی ایک گاڑی نے اسکول وین میں لگنے والی آگ پر قابو پایا۔
پولیس کے مطابق وین میں آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، گاڑی میں ایل پی جی اور سی این جی دونوں سلنڈر موجود تھے، جو بالکل محفوظ رہے۔
پولیس کے مطابق اسکول وین میں 14 بچے اور بچیاں موجود تھے، جن کی عمریں 7 سے 10 سال کے درمیان بتائی گئیں، جو ناظم آباد کے ایک اسکول میں زیرِ تعلیم ہیں۔
واقعے کے بعد وین کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا تاہم پولیس نے چند گھنٹوں بعد اسے گرفتار کرلیا۔
سیکشن آفیسر اورنگی ٹاؤن معطل
واقعے کے بعد فٹنس اور پرمٹ کو چیک کرنے کے لیے اسکول وین کو اورنگی تھانے منتقل کردیا گیا۔
دوسری جانب ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) ٹریفک نے سیکشن آفیسر (ایس او) اورنگی ٹاؤن کو معطل کردیا۔
تمام اسکول وینز کی فٹنس چیک کرنے کی ہدایت
اورنگی ٹاؤن میں اسکول وین میں آگ لگنے سے بچوں کے جھلسنے کے واقعےکے بعد وزیر ٹرانسپورٹ سندھ اویس قادر شاہ نے سیکریٹری ٹرانسپورٹ سے 2 دن میں واقعےکی تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
وزیر ٹرانسپورٹ سندھ نے زخمی بچوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تمام اسکول وینز کی فٹنس چیک کرنے کی بھی ہدایت کی۔
ترجمان وزیر ٹرانسپورٹ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ جو اسکول وین چلنے کے قابل نہیں، اُس کا پرمٹ منسوخ کیا جائے۔