Time 16 جنوری ، 2019
پاکستان

نیب سے کراچی، حیدرآباد اور سکھر میں جاری انکوائریز کی تفصیلات طلب

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے نیب پراسیکیوٹر اور تفتیشی افسر کی سرزنش کی: فائل فوٹو

کراچی: سندھ ہائیکورٹ نے نیب سے کراچی، حیدرآباد اور سکھر میں جاری انکوائریز کی تفصیلات طلب کرلیں۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کے تفتیشی افسران نیب انکوائریز سے متعلق عدالت کو مطمئن کرنے میں ناکام رہے جس پر چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ نے نیب کے تفتیشی افسر اور پراسیکیوٹر کی سرزنش کی۔

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ بتائیں کتنی انکوائریز چل رہیں ہیں؟ اس پر نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ متعدد انکوائریز چل رہیں ہیں۔

جسٹس احمد علی شیخ نے ریمارکس دیے کہ باتیں مت بنائیں، اسٹیٹمینٹ دیں کہ کتنی انکوائریز چل رہیں ہیں، دو دو سال سے انکوائریز چل رہیں ہیں، ابھی ڈی جی نیب سندھ کو طلب کرتے ہیں۔

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے نیب پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کی پگڑیاں تو جلدی اچھالتے ہو،2 سال سے انکوائریز مکمل نہیں کرتے، کیس پڑھ کرنہیں آتے، کیس کی ڈائری بھی نہیں، اب ایسا نہیں چلےگا، تمام انکوائریز کی تفصیل دیں۔

عدالت نے کراچی،حیدرآباد، سکھر میں جاری نیب انکوائریز کی تفصیلات طلب کرلیں۔

مزید خبریں :