21 جنوری ، 2019
لاہور: ساہیوال واقعے پر بنائی گئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم میں 2 ارکان کا اضافہ کردیا گیا۔
مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) میں ڈی ایس پی صدر ساہیوال فلک شیر اور ڈی ایس پی انویسٹی گیشن برانچ خالد ابوبکر کو شامل کیا گیا جب کہ دونوں پولیس افسران کی شمولیت کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
جے آئی ٹی میں دو افسران کے اضافے کے بعد مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے ارکان کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔
سانحہ ساہیوال کی تحقیقات کے لیے قائم جے آئی ٹی کی سربراہی ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ سید اعجاز حسین شاہ کررہے ہیں جب کہ ٹیم میں آئی ایس آئی اور آئی بی کا بھی ایک ایک نمائندہ شامل ہے۔
اس سے قبل جے آئی ٹی کی سربراہی ڈی آئی جی ذوالفقار حمید کو سونپی گئی تھی تاہم کچھ دیر بعد ہی ان سے تحقیقاتی ٹیم کی سربراہی واپس لے لی گئی۔