کھیل
Time 23 جنوری ، 2019

نسلی تعصب : سرفراز کی میچ ریفری کے سامنے پیشی، کارروائی کا امکان

سرفراز نے مؤقف اپنایا کہ نسلی تعصب کا تاثر درست نہیں، غیر ارادی طور پر جملہ منہ سے نکل گیا، میچ ریفری رنجن مدو گالے نے مزید کارروائی کیلئے رپورٹ آئی سی سی کو بھیج دی— فوٹو: فائل

جنوبی افریقی کھلاڑی کے خلاف غیرمناسب جملے ادا کرنے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز کی میچ ریفری کے سامنے پیشی ہوئی ہے جس میں سرفراز احمد نے اپنی غلطی کا اعتراف کرلیا ہے۔

سرفراز احمد نے مؤقف اپنایا ہے کہ نسلی تعصب کا تاثر درست نہیں، میچ کی صورت حال کی وجہ سے غیر ارادی طور پر ایسا جملہ منہ سے نکل گیا، میچ ریفری رنجن مدو گالے نے مزید کارروائی کیلئے رپورٹ آئی سی سی کو بھیج دی، سرفراز کے خلاف آئی سی سی کی انضباطی کارروائی متوقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) اگلے چند گھنٹوں میں سرفراز احمد کے خلاف کارروائی کا اعلان کرسکتی ہے۔

جوہانسبرگ میں سرفراز اور میچ ریفری رانجن مدوگا لے کی ملاقات ہوئی ہے جس میں پاکستانی کپتان سرفراز نے غلطی کا اعتراف کیا اور کہا کہ نسلی تعصب کا تاثر درست نہیں ہے، نادانستہ طور پر میچ کی صورتحال کے باعث فقرہ کَس دیا۔

میچ ریفری نے اپنی رپورٹ مزید کارروائی کیلئے آئی سی سی کو بھیج دی۔ پاکستان کرکٹ ٹیم بھی ڈربن سے جوہانسبرگ پہنچ گئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ڈربن میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد جنوبی افریقا کے خلاف 5 ون ڈے میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں شکست کو سامنے دیکھ کر آپے سے باہر ہوگئے تھے۔

سوشل میڈیا پر میچ کے حوالے سے ایک ویڈیو گردش کررہی ہے جس میں مبینہ طور پر سرفراز احمد جنوبی افریقا کے سیاہ فام کھلاڑی اینڈائل پھیل کوایو کے حوالے سے تضحیک آمیز جملے ادا کررہے ہیں۔

مزید خبریں :