پاکستان
Time 25 جنوری ، 2019

حکومت کا 50 ممالک کو ویزا آن ارائیول اور175 کو ای ویزا کی سہولت دینے کا اعلان

ڈگری پروگرام کیلیے 2 سال اور ماسٹر پروگرام کیلئے 4 سال کا ویزا دینگے، صحافیوں کو لانگ ٹرم اور شارٹ ٹرم ویزے جاری کرینگے، فواد چوہدری۔ فوٹو: جیو نیوز اسکرین گریب

اسلام آباد: حکومت نے 50 ممالک کو آن ارائیول ویزا جب کہ 175 ممالک کے شہریوں کو ای ویزا کی سہولت دینے کا اعلان کیا ہے۔

حکومت کے اعلان کے بعد 50 ممالک کے شہریوں کو پاکستان پہنچنے کے بعد ایئرپورٹ پر ویزا کی سہولت دستیاب ہوگی اور اس حوالے سے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ پاکستان میں نئی ویزا پالیسی متعارف کرا رہے ہیں جس کے تحت 50 ممالک کے شہریوں کو ویزا آن ارائیول جب کہ 175 ممالک کو ای ویزا کی سہولت دی جارہی ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ برٹش اور امریکن پاسپورٹ رکھنے والے بھارتی باشندوں کو ویزا آن ارائیول کی سہولت ہوگی، کوشش ہے کہ نئے پاکستان کی معیشت ٹورازم کے لیے بنیاد بنے۔

انہوں نے کہا کہ طالبعلموں کو مختلف مدت کے ویزے دیے جائیں گے، ڈگری پروگرام کے لیے 2 سال جبکہ ماسٹر پروگرام کے لیے 4 سال کا ویزا دیں گے، اسی طرح صحافیوں کو لانگ ٹرم اور شارٹ ٹرم ویزے جاری کریں گے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے ملکی سیاست پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی ایوان آمد پر اپوزیشن کا رویہ درست نہیں تھا، شہباز شریف نے وزیراعظم کو سلیکٹڈ کہا اور وزیراعظم کی آمد پر طعنے اور فقرے کسے جاتے ہیں، ہمیں پارلیمنٹ کا بڑا احترام ہے، اپوزیشن کو بھی وزیراعظم کا احترام کرنا ہوگا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ جن کی اپنی کوئی حیثیت نہیں وہ ہمیں بتا رہے ہیں کہ آپ کہاں سے آئے، وزیراعظم کی عزت ہم پر مقدم ہے، ایوان کو مچھلی منڈی نہیں بننے دیں گے۔

ماڈل ٹاؤن میں منصوبہ بندی کے تحت قتل عام کیا گیا اور ساہیوال واقعہ تو غلطی سے ہوا: فواد چوہدری

ان کا کہنا تھا جب تحریک انصاف نے حکومت سنبھالی تو ہمارے امریکا کے ساتھ تعلقات کیا تھے، یو اے ای کے ولی عہد 12 سال بعد پاکستان آئے اور آج ہم یورپ اور مشرق وسطیٰ پر کہاں کھڑے ہیں، کوئی 5 ماہ میں ایسا کردار ادا نہیں کر سکتا تھا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ شہباز شریف اور سعد رفیق کیخلاف نیب کی انکوائری مذاق بن گئی ہے، ان کے پروڈکشن آرڈر جاری ہوتے ہیں اور پروٹوکول دیا جاتا ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ماڈل ٹاؤن میں منصوبہ بندی کے تحت قتل عام کیا گیا اور ساہیوال واقعہ تو غلطی سے ہوا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سندھ والوں کے دل آج کل کمزور ہیں، ان پر زیادہ بوجھ نہ ڈالیں، وزیراعظم سندھ کا دورہ کریں گے، پاکستان کو خطرہ نہیں بلکہ سندھ کے زرداروں کو خطرہ ہے۔

مزید خبریں :