Time 08 فروری ، 2019
پاکستان

وزیراعظم کا پاناما لیکس میں شامل افراد کو تلاش کرنے کا حکم

حکومت نے پاناما لیکس میں شامل 175 افراد کی تلاش کیلئے ایجنسیوں سے مدد لینے کا بھی فیصلہ کیا، ذرائع۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے پاناما لیکس میں شامل افراد کو تلاش کرنے کا حکم دیا ہے۔

وزیراعظم سیکرٹریٹ کے ذرائع کے مطابق پاناما لیکس میں شامل 250 سے زائد افراد ٹیکس ایمنسٹی لے چکے ہیں اور پاناما لیکس کی بیشتر کمپنیاں بھی چین منتقل کی جاچکی ہیں۔ 

وزیراعظم سیکرٹریٹ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاناما لیکس میں شامل 175 افراد کو تلاش نہیں کیا جا سکا جب کہ 78 افراد کی معلومات نا مکمل تھیں جن کی تلاش کے لیے ایجنسیوں کی مدد لینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ جزیرہ پاناما کی ایک لاء فرم موساک فونسیکا نے 2016 میں پاناما میں جائیداد بنانے والی دنیا کی اہم شخصیات کے بارے میں ایک کروڑ 10 لاکھ دستاویزات جاری کی تھیں جس میں آف شور کمپنیاں بنانے والے پاکستان سمیت دنیا کی نامور شخصیات کے نام سامنے آئے۔

ان دستاویزات کا پاکستان میں سب سے بڑا نقصان سابق وزیراعظم نواز شریف کو ہوا، جن کا نام سامنے آنے پر سپریم کورٹ میں طویل کیس چلا اور اعلیٰ عدالت نے 28 جولائی 2017 کو پاناما کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے نواز شریف کو بطور وزیراعظم نااہل قرار دیا۔

مزید خبریں :