پاکستان
Time 10 فروری ، 2019

ہماری اور آئی ایم ایف کی سوچ میں خاصی مطابقت پائی جاتی ہے: وزیرخارجہ

بنیادی اصولوں پرپیش رفت ہوئی ہے اور آگے بڑھنے کے بنیادی اصول پر پہنچ گئے ہیں، شاہ محمود قریشی۔ —فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ بنیادی نکات پر اتفاق ہو گیا ہے اور جلد تکنیکی تفصیلات طے ہوں گی۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا عالمی مالیاتی ادارے کی ایم ڈی سے ملاقات کے حوالے سے کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان اوروفد کی آئی ایم ایف سربراہ سے ملاقات مفید رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آئی ایم ایف کے ساتھ ہم آہنگی ہوگئی ہے اور آئی ایم ایف کے ساتھ اشتراک کا فیصلہ ہوا ہے، ہمارا آئی ایم ایف کے ساتھ بنیادی نکات پر اتفاق ہو گیا ہے اور جلد تکنیکی تفصیلات طے ہوں گی۔

ان کا کہنا ہے کہ بنیادی اصولوں پر پیش رفت ہوئی ہے اور آگے بڑھنے کے بنیادی اصول پر پہنچ گئے ہیں، ہماری اور آئی ایم ایف کی سوچ میں خاصی مطابقت پائی جاتی ہے اور ہم عنقریب مل کر ایک پروگرام مرتب کریں گے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت کی ترقی کا پروگرام لائیں گے اور پروگرام میں کم آمدنی والے طبقات کے تحفظ کو یقینی بنائیں گے۔

دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام پر عمل درآمد کے لیے وقت کے تعین پر اختلاف ہے ، پاکستان آئندہ بجٹ تک آئی ایم ایف کے مطالبات پر عمل درآمد کی یقین دہانی کروا رہا ہے جب کہ آئی ایم ایف فوری طور پر اپنے مطالبات پر عمل درآمد چاہتا ہے۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کے مطالبات میں روپے کی قدر میں کمی، شرح سود اور ٹیکس وصولیوں کا ہدف شامل ہے ، فریقین نے معاہدے کی تفصیلات خفیہ رکھنے پر بھی اتفاق کیا ہے ۔

وزیر اعظم عمران خان کی لبنانی ہم منصب کو دورہ پاکستان کی دعوت

ورلڈ گورنمنٹ سمٹ میں وزیر اعظم نے لبنانی ہم منصب سے بھی ملاقات کی — فوٹو: عمران خان فیس بک 

وزیر خارجہ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی لبنانی ہم منصب سعد رفیق الحریری سے بہت اچھی نشست رہی جس میں دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے سعد الحریری کو کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی ہے۔ 

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نے سعد حریری سے کہا پاکستان میں جو دو این آر او ملے تھے ان کا کوئی اچھا تجربہ نہیں ہوا اور اب ملک میں کوئی نیا این آر او نہیں ہوگا۔

ان کا کہنا ہے کہ ورلڈ سمٹ میں وزیر اعظم عمران خان نے دنیا کے سامنے اپنا وژن رکھا اور انہوں نے بتایا کہ ان کے سیاست میں آنے کی بنیادی وجہ کیا تھی۔ 

وزیر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے وژن کو ورلڈ سمٹ میں بہت سراہا گیا۔ 

قبل ازیں متحدہ عرب امارات روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دورہ متحدہ عرب امارات میں ہماری آئی ایم ایف کے سربراہ کے ساتھ میٹنگ ہوگی اور چاہتے ہیں کہ ایسی شرائط طے ہوں جن سے عوام پر کوئی بوجھ نہ پڑے۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے ولی عہد اور اعلیٰ قیادت سے ملاقات بھی ہوگی، وزیراعظم پاکستان کانفرنس میں بطور کلیدی اسپیکر اظہار خیال کریں گے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہمارے خطے اور بالخصوص پاکستان کو گورننس کی بے حد ضرورت ہے، ہمارے بہت سے مسائل نے بُری گورننس کی وجہ سے جنم لیا۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی کوشش ہے کہ اداروں کی پرفارمنس بہتر بنانے کا ماڈل لا سکیں۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں وفد نے 'ورلڈ گورنمنٹ سمٹ' میں شرکت کی اور اسی سمٹ کے دوران پاکستانی وفد سے آئی ایم ایف کی سربراہ نے بھی ملاقات کی ہے۔

مزید خبریں :